رسائی کے لنکس

ملکہ الزیبتھ، ساٹھ سالہ رسم ِتاج پوشی کا جشن


ویسٹ منسٹر ایبے کو شاہی چرچ ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ یہیں 2 جون 1953 کو ایک شاندار تقریب میں شہزادی الزیبتھ کی تاج پوشی کی گئی تھی اور انھیں ملکہ برطانیہ ہونے کا اعزاز بخشا گیا تھا۔

لندن کے تاریخی چرچ ' ویسٹ منسٹر ایبے' میں منگل کی صبح ملکہ الزیبتھ دوئم کی تاج پوشی کے ساٹھ سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی سروس کا اہتمام کیا گیا۔
ملکہ برطانیہ کی ساٹھ سالہ رسم ِتاج پوشی کے جشن کے سلسلے میں منائی جانے والی یہ پہلی سرکاری تقریب تھی۔ اس تقریب میں برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون، سیاسی جماعتوں کے سربراہان، کامن ویلتھ کے سیکرٹری کملیش شرما سمیت حُکومتی ادروں کے عہدیداران اور فوج کے اعلیٰ افسران سمیت دو ہزار افراد نے شرکت کی۔

اس تاریخی موقع پرملکہ برطانیہ کے ساتھ ان کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرگ شہزادہ فلپ، بیٹے شہزادہ چارلس، شہزادہ ایڈورڈ، شہزادہ اینڈریو سمیت ان کے پوتے پوتیوں جن میں شہزادہ ہیری اور شہزادہ ولیم کے ساتھ حاملہ شہزادی کیتھرین بھی شامل تھیں۔
اس موقع پرچرچ کے باہر سینکٹروں افراد ملکہ برطانیہ کو ساٹھ سالہ جشن تاج پوشی کی مبارکباد دینے کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔
ویسٹ منسٹر ایبے چرچ کو شاہی چرچ ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ یہیں 2 جون 1953 کو ایک شاندار تقریب میں شہزادی الزیبتھ کی تاج پوشی کی گئی تھی اور انھیں ملکہ برطانیہ ہونے کا اعزاز بخشا گیا تھا۔

جس وقت ملکہ برطانیہ شہزادہ فلپ کے ہمراہ چرچ کے دروازے سے داخل ہوئیں تو ان کا استقبال اسی موسیقی کی دھن کے ساتھ کیا گیا جو ساٹھ برس قبل ان کے اعزاز میں خصوصی طور پر مرتب کی گئی تھی۔
اس موقع پر چرچ کے بشپ جسٹن ویلبے نے ملکہ ِالزیبتھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ''آج ہم وعدوں کے پورا ہونے کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں''۔
انھوں نے ملکہ برطانیہ کی تاج پوشی کی تقریب کے حوالے سے کچھ یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس روز ملکہ الزیبتھ نے خدا کے آگے جھک کر دعا کی تھی، وہ دعا تو ہم نہیں جانتے ہیں لیکن انھوں نے''اس روز ایک ایسی منزل کی جانب قدم بڑھایا تھا جس کا راستہ فرض شناسی اور قربانیوں سے بھرا تھا جسے انھوں نے خود اپنے لیے منتخب نہیں کیا تھا بلکہ یہ حکم خدا وندی تھا جسے اس نے قبول کیا تھا ''۔


تقریب میں مذہبی رسم کے مطابق سونے کی ایگل شکل کی بوتل میں سے مقدس تیل کو حاضرین پرچھڑکا گیا۔ چرچ میں اس کرسی کو بھی پیش کیا گیا جو تاج پوشی کی رسم کے لیے استعمال کی جاتی رہی ہے۔
ملکہ الزیبتھ کی تاج پوشی کی تقریب کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب 'سینٹ ایڈورڈ' کے تاریخی اور انمول تاج ' ٹاور آف لندن' کے تہہ خانے سے سخت پہرے میں چرچ میں لایا گیا۔ خالص سونےاور بیش قیمت ہیرے اور جواہرات سے مزین اس تاج کا وزن تقریبا ڈھائی کلو ہے۔ جسے شاہی روایت کے مطابق تاج پوشی کی رسم میں ہی استعمال کیا جاتا ہے۔
برطانوی مبصرین کے مطابق ساٹھ برس قبل ویسٹ منسٹر ایبے چرچ میں منعقد ہونے والی تقریب ایک خالص کیتھولک کرسچین مذہبی تقریب تھی جس میں تاج پوشی کی رسم کو انتہائی عقیدت مندی کے ساتھ ادا کیا گیا تھا جو دنیا کی یادگار تقریبات میں سے ایک تھی جو سرکاری ٹی وی سے براہ راست ٹیلی کاسٹ کی جا رہی تھی اور جسے دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں نے اپنے بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی پر دیکھا اور ریڈیو پر سنا تھا ۔

​کچھ لوگوں نے ملکہ برطانیہ کی ساٹھ سالہ تاج پوشی کی تقریب کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک خواب کا سا ماحول تھا۔ اس روز بارش ہو رہی تھی لیکن پھر بھی ہزاروں افراد سڑکوں کے کنارے ملکہ کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے گھنٹوں انتظار کرتے رہے تھے۔
ملکہ برطانیہ 21 اپریل کو جارج ششم کے گھر پیدا ہوئیں۔ 1952 میں والد کی موت کے بعد 27 سالہ ملکہ الزیبتھ کو جانشینی کے لیے چنا گیا لیکن تاج پوشی کی رسم سولہ ماہ بعد بہت دھوم دھام سے ادا کی گئی تھی۔
XS
SM
MD
LG