رسائی کے لنکس

برطانیہ اسکاٹ لینڈ کے فیصلے کا احترام کرتا ہے، ملکہ


ملکہ کے بقول انہیں اس بات کا یقین ہے کہ آزادی کے سوال پر تقسیم کا شکار ہونے والے اسکاٹش عوام جلد ہی دوبارہ ایک دوسرے سے جڑ جائیں گے۔

متحدہ برطانیہ کےحق میں اسکاٹش عوام کے فیصلے کے بعد ملکہ برطانیہ کوئن الزیبتھ نے کہا ہے کہ برطانوی شہری اسکاٹ لینڈ کے ساتھ پائیدار محبت کےرشتےسے بندھے ہوئے ہیں اور پورا برطانیہ ریفرنڈم کے نتیجےکا احترام کرے گا۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں ملکہ کی رہائش گاہ 'بالمورل کیسل' - جہاں ملکہ برطانیہ ریفرنڈم کی رات موجود تھیں - سے جمعے کو جاری ہونے والے ایک غیر معمولی بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ کو اس بات کا یقین ہے کہ آزادی کے سوال پر تقسیم کا شکار ہونے والے اسکاٹش عوام باہمی احترام کے جذبے کی بدولت جلد ہی دوبارہ ایک دوسرے سے جڑ جائیں گے۔

ملکۂ برطانیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اب جبکہ ہمیں آگے بڑھنا ہے، ایک چیزہمیں یاد رکھنی چاہیے جوہم سب کے اندر موجود ہے اور وہ ہے اسکاٹ لینڈ کے ساتھ پائیدار محبت اور یہی ایک چیز ہے جو ہمیں متحد رہنے میں مدد کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے نتائج مہینوں تک جاری رہنے والے بحث ومباحثے اور گہری سوچ وفکر کا نتیجہ ہیں اور یہ ایک ایسا نتیجہ ہے جس کا برطانیہ بھر میں احترام کیا جائے گا۔

اپنے بیان میں ملکہ نے کہا ہے کہ آج کے دن اسکاٹ لینڈ اور دوسری جگہوں پر رہنے والے لوگوں کےجذبات اور احساسات اپنے خاندان، دوست اور پڑوسیوں سے مختلف ہو سکتے ہیں اور بلاشبہ یہی جمہوری روایت کی خوبی ہے۔

انھوں نے اسکاٹش عوام سے کہا کہ ملک کی بھلائی کی خاطر اور اس کے مستقبل کے لیے آپ اپنا تعمیری کرادار ادا کریں اور اس مقصد کے لیے میں اور پورا شاہی خاندان آپ سے تعاون کرنے اور آپ کی ہر طرح سے مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔

XS
SM
MD
LG