رسائی کے لنکس

کوئٹہ: ائیر بیس پر حملہ کرنے والے 10 دہشت گرد ہلاک


صوبائی پولیس کے سربراہ محمد عملیش کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے فوج کے دو افسروں سمیت سات اہلکار زخمی ہوئے لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں مشتبہ دہشت گردوں نے کوئٹہ ایئر پورٹ سے ملحقہ سمنگلی ایئر بیس اور خالد ایئر بیس پر حملہ آوروں کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

صوبائی پولیس کے سربراہ محمد عملیش نے ذرائع ابلاغ کو اس ناکام حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد فضائی اڈے کے باہر کی حفاظتی خاردار تاروں کو کاٹ رہے تھے کہ سکیورٹی فورسز کو اس کی اطلاع ملی۔

"اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے کارروائی کی۔ دہشت گردوں میں سے تین نے گھیرے میں آنے کے بعد اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر لیا جب کہ باقی کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔"

ان کے بقول دہشت گردوں کی فائرنگ سے فوج کے دو افسروں سمیت سات اہلکار زخمی ہوئے لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

حکام کے مطابق واقعے کے بعد فورسز نے سرچ آپریشن کر کے تمام علاقوں کو کلیئر قرار دیا جب کہ مرنے والے دہشت گردوں کے پاس سے خاصی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

آئی جی بلوچستان پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گرد فضائی اڈے کے کسی حساس مقام یا تنصیب تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور فضائی اڈے پر تمام تنصیبات بالکل محفوظ ہیں۔

اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔

اس تنظیم نے آٹھ جون کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی جس میں کم ازکم دو درجن سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستانی فوج نے اس واقعے کے بعد شدت پسندوں کے مضبوط گڑھ شمالی وزیرستان میں بھرپور کارروائی شروع کر رکھی ہے جس میں 600 سے زائد شدت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG