رسائی کے لنکس

قرآن نذرِ آتش کرنے کے منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہیں: بھارت


بھارت نے 11ستمبر2001ء کی برسی پر امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک گرجا گھر کے پادری کی طرف سے قرآن نذرِ آتش کرنے کے منصوبے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور امریکی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اِس اشتعال انگیز کاروائی کو روکنے کے لیے سخت قدم اُٹھائے۔

مرکزی وزیرِ داخلہ پی چدم برم نے نئی دہلی میں ایک اخباری کانفرنس میں کہا کہ پادری ٹیری جونز کا مذکورہ اعلان مذہبی گروپوں کے مابین تلخی اور جھگڑا فساد پیدا کرنے والا ہے۔

اُن کے الفاظ میں ‘ہم اِس کی مذمت کرتے ہیں۔ کوئی بھی شخص جو مذہبی ہونے کا دعویٰ کرتا ہے ایسا ہرگز نہیں کرسکتا۔ اورکوئی بھی امن پسند شخص جو امن و امان اور ہم آہنگی بر قرار رکھنے میں دلچسپی رکھتا ہو، اِس قدم کی حمایت نہیں کرے گا۔’

وزیرِ داخلہ نے بھارت کے پرنٹ اور الیکٹرانگ میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اِس اشتعال انگیز کاروائی کی رپورٹنگ میں احتیاط برتے اور نہ تو اِس کی کوئی تصویر ٹیلی ویژن پر دکھائے نہ ہی اخباروں میں شائع کرے۔

اُنھوں نے میڈیا سے یہ بھی کہا کہ آئندہ چند دِنوں تک احتیاط بہت ضروری ہے تاکہ امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھنے میں مدد مل سکے۔

فلوریڈا میں ایک چرچ کے پادری نے 11ستمبر 2001ء کی برسی کے موقع پر قرآن کے نسخے نذرِ آتش کرنے کا اعلان کیا ہے جِس پر دنیا کے مختلف ملکوں سمیت بھارت میں بھی شدید ردِ عمل دیکھا جا رہا ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG