رسائی کے لنکس

راحت فتح علی ’برٹش ایشین ٹرسٹ‘ کے سفیر مقرر


برطانوی شہزادہ چارلس نے راحت فتح علی خان کو ’برٹش ایشین ٹرسٹ‘ کا سفیر مقرر کیا ہے، جو برطانیہ کا ایک فلاحی ادارہ ہے، جو پوری دنیا کے ضرورت مندوں کے لئے کام کرتا ہے

راحت فتح علی خان پاکستان کی وہ سریلی آواز ہے جسے پوری دنیا پہچانتی ہے۔ فیصل آباد کی سرزمین سے ملکی سرحدوں تک اور پھر سرحدوں سے افق تک اس آواز نے پاکستان کو ایک نئی پہچان دی ہے۔

راحت فتح علی نے کامیابی کا یہ سفر بہت تیزی سے طے کیا ہے۔ یہاں تک ان کے ساتھ اور ان سے پہلے اپنا فنی کیرئیر شروع کرنے والی بہت سی آوازیں آج بھی گمنامی کے اندھیروں سے دست و گریباں ہیں۔

یہ سفر اب بھی جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے برطانوی شہزادہ چارلس نے انہیں ’برٹش ایشین ٹرسٹ‘ کا سفیر مقرر کیا ہے، جو برطانیہ کا فلاحی ادارہ ہے جو پوری دنیا کے ضرورت مندوں کے لئے کام کرتا ہے۔

راحت نے ایک ملاقات میں ’وی او اے‘ کو بتایا کہ اس حوالے سے ان کے اعزاز میں لندن میں باقاعدہ ایک تقریب منعقد کی گئی اور پرنس آف ویلز کی جانب سے ’برٹش ایشین ٹرسٹ‘ گالا کا اہتمام کیا گیا، جس میں پرنس چارلس نے بھی خاص طور سے شرکت کی۔

اس محفل میں راحت فتح علی نے سر چھیڑے تو ساری محفل جھوم اٹھی یہاں تک کہ پرنس چارلس بھی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔

اس خوشی میں انہوں نے جنوبی ایشیا میں چیریٹی کے کاموں کے لئے ساڑھے آٹھ لاکھ پاؤنڈ کا فنڈ دینے کا بھی اعلان کیا۔

راحت فتح علی کا کہنا ہے کہ ’برٹش ایشین ٹرسٹ‘ کا سفیر مقرر کیا جانا ان کے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ اس اعزاز کے بعد وہ رفاعی کاموں میں مزید بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

XS
SM
MD
LG