رسائی کے لنکس

راجہ فاروق حیدر پاکستانی کشمیر کے وزیراعظم منتخب


راجہ فاروق حیدر (فائل فوٹو)

راجہ فاروق حیدر (فائل فوٹو)

گزشتہ ہفتے ہونے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے واضح اکثریت حاصل کی تھی اور اسے 41 حلقوں میں سے 31 نشستوں پر کامیابی ملی تھی۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے راجہ فاروق حیدر وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔

اتوار کو مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قانون سازوں نے رائے شماری کی۔

راجہ فاروق حیدر کو 49 رکنی ایوان میں 38 ووٹ ملے جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چودھری یاسین اور پاکستان تحریک انصاف کے دیوان غلام محی الدین نے پانچ، پانچ ووٹ حاصل کیے۔

گزشتہ ہفتے ہونے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے واضح اکثریت حاصل کی تھی اور اسے 41 حلقوں میں سے 31 نشستوں پر کامیابی ملی تھی۔

پاکستان میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے اور روایتی طور پر پاکستانی کشمیر میں وہی جماعت اکثریت حاصل کرتی آئی ہے جو اسلام آباد میں برسراقتدار ہو۔

رواں ہفتے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے راجہ فاروق حیدر کو اپنی جماعت کی طرف سے پاکستانی کشمیر کا وزیراعظم نامزد کیا تھا۔

راجہ فاروق حیدر 2009ء میں بھی پاکستانی کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے لیکن نو ماہ بعد ہی انھیں یہ عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔

اس سے قبل یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی لیکن یہ کشمیر کے حالیہ انتخابات میں بری طرح ناکام ہوئی اور صرف تین نشستیں ہی حاصل کر سکی تھی۔

پاکستان میں حزب مخالف کی دوسری بڑی جماعت اور صوبہ خیبرپختونخواہ میں برسراقتدار جماعت تحریک انصاف نے پہلی مرتبہ پاکستانی کشمیر کے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور صرف دو نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

XS
SM
MD
LG