رسائی کے لنکس

پاکستان: رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ جمعرات کو


اس سے قبل محکمہٴموسمیات نے بھی یکم رمضان 11جولائی کو ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔ اعلامئے میں کہا گیا تھا کہ 9 جولائی کو چاند نظر آنے کا امکان بہت ہی کم ہے

پاکستان میں ماہِ رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، لہذا پہلا روزہ جمعرات 11جولائی کو ہوگا۔

اس بات کا باقاعدہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمن نے کراچی میں کیا۔

چاند دیکھنے کے لئے مرکزی کمیٹی کا اجلاس منگل کی شام محکمہٴ موسمیات کمپلیکس کراچی میں ہوا، جبکہ صوبائی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ زونل دفاتر میں ہوئے۔

اعلان کے مطابق اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور کراچی سمیت ملک بھر میں کہیں سے بھی رمضان کا چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی اس لئے جمعرات 11 جولائی کو یکم رمضان ہوگا۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے بھی یکم رمضان 11جولائی کو ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔ محکمے کی جانب سے جاری کردہ اعلامئے میں کہا گیا تھا کہ 9 جو لائی کی شام کو چاند نظر آنے کا امکان بہت کم ہے۔
نئے چاند کے نظر آ نے کیلئے ضروری ہے کہ اس کی عمر31 گھنٹے سے زیادہ ہو۔ نیا چاند آٹھ جولائی کو دن 12 بج کر 14 منٹ پر پیدا ہوگا اس لئے 9 جولائی کی شام چاند نظر آنے کا امکان بہت کم ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ کم از کم 41 منٹ ہونا چاہئے۔
کراچی میں رمضان کے دوران سخت سیکورٹی
رمضان کے حوالے سے کراچی میں سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے مزید 300خفیہ کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جبکہ 150 کیمرے پہلے سے نصب ہیں۔
ان کیمروں کی مدد سے تراویح کے مقامات، مساجد، شاپنگ سینٹرز اور عوامی و حساس مقامات کے ارد گرد مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جاسکے گی۔
XS
SM
MD
LG