رسائی کے لنکس

رشید گوڈیل کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا


فائل
فائل

ڈاکٹروں کے پینل میں شامل، ڈاکٹر جہانزیب مغل کے مطابق: ’ایک گولی رشید گوڈیل کی پسلیوں میں اب بھی پیوست ہے۔ ان کا پھیپھڑے کا انفکشن بھی کنٹرول میں ہے، جبکہ دل کی دھڑکن اور بلڈ شوگر بھی نارمل ہے۔معائنے کے دوران، رشید گوڈیل نے مثبت اشارے دیئے ہیں جو حوصلہ افزا ہیں‘

کراچی میں دو روز قبل نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل کو ’آزمائشی طور پر‘ وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے۔

لیاقت نیشنل اسپتال کراچی کے ترجمان، انجم رضوی کا کہنا ہے کہ رشید گوڈیل کی حالت پوری طرح خطرے سے باہر نہیں۔ اسی لئے، انہیں مزید کچھ روز آئی سی یو میں آبزویشن پر رکھا جائے گا۔

جمعرات کو اسپتال کے احاطے میں میڈیا سے بریفنگ کے دوران ڈاکٹر انجم رضوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ رشید گوڈیل کو کسی قسم کا کوئی بلڈ انفیکشن نہیں۔

ادھر رشید گوڈیل کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کے پینل میں شامل ڈاکٹر جہانزیب مغل کے مطابق: ’ایک گولی رشید گوڈیل کی پسلیوں میں اب بھی پیوست ہے۔ ان کا پھیپھڑے کا انفکشن بھی کنٹرول میں ہے جبکہ دل کی دھڑکن اور بلڈ شوگر بھی نارمل ہے ۔معائنے کے دوران رشید گوڈیل نے مثبت اشارے دیئے ہیں جو حوصلہ افزا ہیں۔‘

ایم کیوا یم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل قاتلانہ حملے کے بعد سے ہی لیاقت نیشنل اسپتال کراچی کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں، جبکہ حملے کے وقت ان کے ساتھ گاڑی میں موجود ان کی اہلیہ نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔

پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اچانک ہونے والی فائرنگ سے وہ گھبرا کر نیچے ہوگئی تھیں، جبکہ گاڑی کے شیشے کالے ہونے اور ملزمان کے ہیلمٹ پہننے کی وجہ سے وہ ملزمان کے چہرے نہیں دیکھ سکیں۔

XS
SM
MD
LG