رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں مشتبہ باغیوں کا حملہ، دو اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار دانش رانا نے بتایا کہ اودھم پور کے قریب عسکریت پسند ایک کھیت میں چھپے ہوئے تھے جہاں سے انھوں نے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بدھ کو نیم فوجی دستے کے ایک قافلے پر حملے میں کم از کم دو اہلکار اور ایک مشتبہ باغی ہلاک ہو گئے۔

مقامی پولیس کے سربراہ کے راجندر کا کہنا ہے کہ واقعے میں کم ازکم آٹھ اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ان کے بقول جائے وقوع سے فرار ہونے والے ایک باغی نے تین شہریوں کو یرغمال بنا لیا تھا اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک مبینہ پاکستانی عسکریت پسند کو گرفتار کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ نے پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ گرفتار کیے گئے مشتبہ شدت پسند کی عمر 22 سال ہے اور اس کا تعلق پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔

حملے کے بعد پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار دانش رانا نے بتایا تھا کہ اودھم پور کے قریب عسکریت پسند ایک کھیت میں چھپے ہوئے تھے جہاں سے انھوں نے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

حکام کے بقول فائرنگ کا تبادلہ بدھ کی دوپہر تک جاری رہا اور اب سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں تلاش کی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔

کشمیر متنازع علاقہ ہے جس کا ایک حصہ پاکستان اور ایک بھارت کے زیر انتظام ہے۔

بھارتی کشمیر میں دو دہائیوں سے زائد عرصے سے بعض علیحدگی پسند گروپ مسلح کارروائیاں کرتے آرہے ہیں۔

بھارت پاکستان پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ اس کے علاقے میں ہونے والی عسکریت پسندی کو حوصلہ افزائی کرتا آرہا ہے لیکن پاکستان اس دعوے کو مسترد کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG