رسائی کے لنکس

’پاکستان ایئرویز‘ کے نام سے نئی فضائی کمپنی رجسٹر


نئی ایئرلائن کے قیام کو عملی شکل میں پیش کرنے کے لئے حکومتی کارروائیاں بہت تیزی سے جاری ہیں اور اگر یہی تیزی مزید برقرار رہی تو اگلے کچھ ہفتوں میں ہی پاکستانی فضائی حدود میں نئی ایئرلائن کے طیارے پرواز بھرتے نظر آئیں گے

پاکستان کی فضائی حدود میں اب ایک نئی ائیرلائن ’پاکستان ایئرویز‘ وجود پانے کو ہے۔ یہ وہی ایئرلائن ہے جس کا ذکر پہلی مرتبہ وزیراعظم نواز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں ہونے والی ’جوائنٹ ایکشن کمیٹی‘ کی ہڑتال کے دوران کیا تھا۔

ہڑتال ختم ہوئے ابھی دو ہفتے ہی ہوئے تھے کہ حکومت نے سیکورٹیز کمیشن آف پاکستان میں ’پاکستان ایئر ویز‘ کے نام سے نئی ایئر لائن رجسٹرڈ کرانے کے لئے درخواست دے دی تھی۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے کو موصولہ اطلاعات کے مطابق نئی ایئرلائن کے قیام کو عملی شکل میں پیش کرنے کے لئے حکومتی کاروائیاں بہت تیزی سے جاری ہیں اور اگر یہی تیزی مزید برقرار رہی تو اگلے کچھ ہفتوں میں ہی پاکستانی فضائی حدود میں نئی ایئرلائن کے طیارے پرواز بھرتے نظر آئیں گے۔

اگرچہ وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ نئی ائیرلائن پی آئی اے کے مالی معاملات کو ’سہارا‘ دینے کے لئے شروع کی جارہی ہے لیکن مبصرین کے بقول ۔۔”ایسا نہیں ہے بلکہ کسی بھی ممکنہ رد عمل کو روکنے کے لئے یہ ’سیاسی‘ بیان دیا گیا ہے۔ سہارادینے کی بات ہوتی تو بہت پہلے یہ فیصلہ کرلیا جاتا ۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ شاید حکومتی پالیسی یہ ہے کہ پہلے نئی ’ایئرویز‘ کو پرانی’ایئرلائن‘ کے مساوی کھڑا کیا جائے، پھر جیسے جیسے نئی ایئرویز کو کامیابی ملتی جائے گی پرانی ایئرلائن کو نجی شعبے کے حوالے کردیا جائے گا۔

پاکستان کے سرکاری خبررساں ادارے کا بھی یہی کہنا ہے کہ حکومت نے پاکستان ایئرویز کو رجسٹرڈ کرالیا ہے۔

ملک کے موقر روزنامے، ’جنگ‘ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے پی آئی اے کو مکمل طور پر تباہی سے بچانے کیلئے اسے ’ایکٹ آف پارلیمنٹ‘ کے تحت ’این ٹیٹی کارپوریٹ‘ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس کے نتیجے میں قومی فضائی کمپنی دیوالیہ ہونے سے بچ جائے گی اور مرحلہ وار بحال ہوکر ایک منافع بخش قومی ادارہ بن سکے گی۔

پاکستان ایئرویز کے میمورنڈم اور آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن کے اہم نکات میں ایئرلائن بزنس چلاتے رہنے اور ایئر ٹرانسپورٹ انڈرٹیکنگ اور تمام طرح کی ٹرانسپورٹ سروسز اور ا لائیڈ سروسز انجام دے سکے گی۔

”پاکستان ایئرویز فی الحال وفاقی وزارت خزانہ نے رجسٹر کرائی ہے۔یہ اپنے تمام معاملات ایک ہولڈنگ کمپنی کے طور پر انجام دے سکے گی جبکہ اسے کسی دوسری کمپنی کے بزنس کو بھی حاصل کرنے کا اختیار ہوگا۔‘‘

پاکستان ایئرویز کے میجر شیئر ہولڈر ’وفاقی سیکرٹری فنانس‘، ’وفاقی سیکرٹری سول ایسوسی ایشن‘ اور’ایڈیشنل سیکرٹری‘ ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG