رسائی کے لنکس

دو گریمی ایوارڈ؛ موسیقار اے آر رحمٰن کے سپرہٹ نغمے جےہو کا جادو


دو گریمی ایوارڈ؛ موسیقار اے آر رحمٰن کے سپرہٹ نغمے جےہو کا جادو
دو گریمی ایوارڈ؛ موسیقار اے آر رحمٰن کے سپرہٹ نغمے جےہو کا جادو

بہترین موسیقی سے جے ہو گانے کو بین الاقوامی نغمے کا درجہ دلانے والے رحمٰن کو اُن کی حالیہ کامیابی پر مبارک باد دینے کے لیے سارا بالی وڈ امڈ پڑا ہے

گزشتہ سال آسکر، بافٹا اور گولڈن گلوبز جیسے متعدد بین الاقوامی ایوارڈز جیتنے کے بعد اس سال کی شروعات میں موسیقی کی دنیاکے سب سے بڑے گریمی ایوارڈز میں بھی بھارت کے مشہور موسیقار اے آر رحمٰن کے سپرہٹ نغمے جےہو کا جادو چھایا رہا۔

44 سالہ موسیقار رحمٰن کو برطانوی فلمساز ڈینی بوائل کی فلم سَلم ڈاگ ملینئیر میں تاریخی مسحورکن موسیقی تیار کرنے کے لیے عالمی سطح پر دو گریمی ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔ رحمٰن اپنا گریمی انعام نغمہ نگار اور شاعر گلزار کے ساتھ بانٹے گے جن کی قلم کی تخلیق جے ہو نغمہ آج عالمی سطح پر سنیمابینوں کے دل ودماغ پر چھایا ہوا ہے۔

امریکہ کے شہر لاس انجلس میں منعقدہ گریمی ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں ایوارڈ قبول کرتے ہوئے رحمٰن نے کہا کہ ’یہ ناقابلِ یقین ہے، خدا عظیم ہے۔‘

واضح رہے کہ رحمٰن کو گریمی ایوارڈز میں دو زمروں بہترین کمپائلیشن ساؤنڈ ٹریک موشن پیکچرز اور بہترین موشن پکچر نغمے میں نامزدگی حاصل ہوئی تھی اور رحمٰن نے ان دونوں زمروں میں ایوارڈ حاصل کر کے بھارتی فلمی دنیا میں ایک نئی تاریخ مرتب کردی ہے۔

گریمی ایوارڈز جیتنے کے بعد سوشل ویب سائٹ ٹویٹر پر رحمٰن نے اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کیا۔ اپنی اِس تاریخی کامیابی کے لیے رحمٰن نے اپنے روحانی صوفی استاد امین پیراللہ ملِک صاحب، فلمساز ڈینی بوائل، نغمہ نگار گلزار، گلوکار سکھویندر، ساؤنڈ انجنئر رسول پوکٹٹی اور فلم سلم ڈاگ ملینئیر کی کاسٹ کو بھی شکریہ کہا ہے۔

اپنی بہترین موسیقی سے جے ہو گانے کو بین الاقوامی نغمے کا درجہ دلانے والے رحمٰن کو اُن کی حالیہ کامیابی پر مبارک باد دینے کے لیے سارا بالی وڈ امڈ پڑا ہے۔ ٹویٹر سائیٹ پر فلمساز شیکھر کپور، مدھر بھنڈارکر، دیپیکا پڈوکونے، لارا دتتا، کاجول، موسیقار وشال دادلانی اور گلوکارہ شریا گھوشال سمیت کئی نامور ہستیوں نے رحمٰن کی کامیابی پر انہیں دلی مبارک باد دی ہے۔

خیال رہے کہ استاد امجد علی خان اور استاد ذاکر حسین کو بھی گریمی ایوارڈز کے مختلف زمروں میں نامزدگی ملی تھی پررحمٰن کی طرح اِن دونوں کی قسمت ان پر مہربان نہیں تھی۔

XS
SM
MD
LG