رسائی کے لنکس

ابوجندل بھارتی ایجنٹ ہے: رحمٰن ملک کا الزام


فائل
فائل

پاکستانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ابو جندل نے سعودی عرب میں جو بیان قلمبند کرایا ہے اُس میں جندل نے کہا ہے کہ وہ ایک جرائم پسند شخص ہے جس کے خلاف کئی مقدمات چل رہے ہیں اور یہ کہ وہ بھارت کی اعلیٰ ایجنسی کے لیے کام کرتا رہا ہے

پاکستانی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ اطلاعات اور ثبوتوں میں فرق ہوتا ہے، اور اگر پاکستان روانہ ہونے سے قبل اُنھیں ثبوت فراہم کیے جاتے ہیں تو وہ حافظ سعید کی گرفتاری کا حکم دیں گے۔

ایک تقریب سے خطاب میں رحمٰن ملک نے کہا کہ اِس سے قبل پاکستان نےحافظ سعید کو تین بارگرفتار کیا تھا، لیکن بھارت نے جو شواہد دیے ہیں وہ عدالت میں نہیں ٹھہر سکے۔

اُنھوں نے کہا کہ، ’ اِس سے پہلے جب بھی ہم نے حافظ سعید کو گرفتار کیا ، ہماری سبکی ہوئی۔ اگر ایک بار پھر میں ثبوتوں کے بغیر اُنھیں گرفتار کرتا ہوں تو پھر میری سبکی ہوگی‘۔

بھارت پاکستان پر مسلسل دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ حافظ سعید اور دوسرے ذمہ داروں کے خلاف بھی کارروائی کرے، جو کہ بقول اُس کے، ممبئی حملوں کے ماسٹر مائینڈ ہیں۔

بھارت کا کہنا ہے کہ، اُس نے حملوں کی منصوبہ سازی کے متعلق حافظ سعید کے خلاف کافی ثبوت پاکستان کو دیے ہیں۔رحمٰن ملک نے ایک بار پھر ایسا بیان دیا ہےجو بھارت کے لیے قابلِ قبول نہیں۔

پاکستانی وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ لشکر طیبہ کا دہشت گرد ابو جندل جسے سعودی عرب سےگرفتار کرکے بھارت لایا گیا ہے اور جو مبینہ طور پر حملوں کے دوران کراچی میں لشکر طیبہ کے کنٹرول روم میں موجود تھا، بھارتی ایجنسیوں کا ایجنٹ ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ابو جندل سے سعودی عرب میں لیے گئے بیان میں اُس نے کہا ہے کہ وہ ایک جرائم پیشہ شخص ہے اور اُس کے خلاف کئی مقدمات ہیں اور یہ کہ وہ بھارت کی اعلیٰ ایجنسی کے لیے کام کرتا رہا ہے۔

رحمٰن ملک کے مطابق،’ ہم نے اِس سلسلے میں ثبوت دیکھے ہیں‘۔

بھارتی حکومت کی جانب سے اس بارے میں ابھی باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، لیکن ذرائع کے مطابق بھارت نے رحمٰن ملک سے اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ اُن کے بیان کی وجہ سے ہی بھارتی وزیر داخلہ سشیل کمار شِنڈے نے رحمٰن ملک کے ساتھ نہ تو مشترکہ اخباری کانفرنس کی اور نہ ہی مشترکہ بیان جاری کیا۔

دریں اثنا، بھارتی قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے سمجھوتا ایکسپریس دھماکہ کیس میں ایک ملزم راجیندر چودھری کو جمع کی رات مدھیا پردیش سے گرفتار کیا ہے۔این آئی اے کے مطابق، مکہ مسجد دھماکہ میں بھی اُس کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔

اِس سے قبل آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والے تین افراد پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔
  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG