رسائی کے لنکس

’اچھی میزبانی کا اولمپکس گولڈ میڈل ہوتا تو پاکستان کو ملتا‘


اداکار رضا مراد کے بقول،”بیٹی کی خواہش پر پاکستان آیا ہوں۔ ایک ہفتہ لاہور گزار کر کراچی اور اسلام آباد بھی جاوٴں گا۔ محبت کا سفیر بن کر پاکستان آیا ہوں۔ پاکستانی محبت نچھاور کرنے والے لوگ ہیں“

بالی وڈ کے سینئر اداکار رضا مراد پاکستانی میزبانی کے گرویدہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’اولمپکس میں عمدہ میزبانی کا کوئی گولڈ میڈل ہوتا تو وہ ہمیشہ پاکستان کے حصے میں آتا۔‘‘

اپنی اہلیہ اور بیٹی عائشہ کے ساتھ پاکستان کے11 روزہ دورے پر آئے ہوئے رضا مراد نے واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ”بیٹی کی خواہش پر پاکستان آیا ہوں۔ ایک ہفتہ لاہور گزار کر کراچی اور اسلام آباد بھی جاوٴں گا۔ محبت کا سفیر بن کر پاکستان آیا ہوں۔ پاکستانی محبت نچھاور کرنے والے لوگ ہیں۔“

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ”بالی وڈ کے دیگر آرٹسٹں کو بھی پاکستان آنا چاہئے۔ فنکار سرحدوں کے محتاج نہیں ہوتے۔“

بقول اُن کے، ”جس طرح پاکستانی آرٹسٹس بالی وڈ میں کام کررہے ہیں اسی طرح بالی وڈ آرٹسٹس کو پاکستان میں کام کرنے کا موقع ملنا چاہئے۔“

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ”اگر پاکستانی فلموں میں کام کی آفر ہوئی تو موقع ضائع نہیں کروں گا۔ مشترکہ پروجیکٹس پاکستان فلم انڈسٹری کے لئے بہتر ثابت ہوں گے۔ یہاں کی انڈسٹری میں بہتری آئی ہے۔’بول‘، ’خدا کے لئے‘ اور ’رام چند پاکستانی‘ کو بالی وڈ میں پسند کیا گیا۔ حال ہی میں غزل گائیک غلام علی نے بنگال کی ریاستی حکومت کی دعوت پر پرفارم کیا اور بھرپور داد وصول کی۔“

ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر رضا مراد کا کہنا تھا کہ ”پاکستان کا بولنگ اٹیک دنیا کا بہترین بولنگ اٹیک ہے۔ لیکن، بیٹنگ میں بہت زیادہ بہتری کی ضرورت ہے۔“

رضا مراد کی بیٹی عائشہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ” پاکستان آنے کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی۔ پاکستان کے دورے میں بہت سی شاپنگ کروں گی خصوصاً انارکلی بازار جاوٴں گی۔“

XS
SM
MD
LG