رسائی کے لنکس

پاکستانی کبوتر تحویل میں لینے کا بھارتی دعویٰ


فائل
فائل

کبوتر کے پاس سے اردو میں لکھا ہوا ایک پیغام برآمد ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس پر یہ لفظ درج ہیں: ’’ہم وہ لوگ نہیں ہیں جو انیس سو اکہتر میں تھے۔ اب بچہ بچہ بھارت سے لڑائی کے لئیے تیار ہے‘‘

بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے ایک ’’دھمکی آمیز پیغام لے جانے والے‘‘ کبوتر کو تحویل میں لیا ہے۔ یہ کبوتر بھارتی شمالی پنجاب کی بارڈر سیکیورٹی فورس نے ائیر بیس کے قریب سے پکڑا ہے، جہاں حالیہ دنوں میں جنگجوؤں نے حملہ کیا تھا۔

پٹھان کوٹ پولیس کے انسپیکٹر راکیش کمار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے، اے ایف پی کو بتایا ہے کہ کبوتر کو گزشتہ شام تحویل میں لیا گیا۔

پولیس انسپیکٹر کے بقول، کبوتر کے پاس سے اردو میں لکھا ہوا ایک پیغام برآمد ہوا ہے، جس پر درج ہے کہ ’’ہم وہ لوگ نہیں ہیں جو انیس سو اکہتر میں تھے۔ اب بچہ بچہ بھارت سے لڑائی کے لئیے تیار ہے۔‘‘

پیغام کے آخر میں دستخط بھی موجود ہیں، جو راکیش کمار کے مطابق، جنگجو گروپ لشکر طیبہ کے ہیں۔

یہ پہلا موقعہ نہیں ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی کبوتر کو تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

گزشتہ سال بھی بھارتی حکام نے ایک کبوتر کو تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے ساتھ کیمرا یا ٹرانسمیٹر نما ڈیوائس منسلک تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان پچھلی لڑائی 1971ء میں ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG