رسائی کے لنکس

ادھیڑ عمر امریکیوں میں خودکشی کے رجحان میں اضافہ: رپورٹ


مطالعاتی رپورٹ میں اس طرف توجہ دلائی گئی ہے کہ دماغی صحت کے مسائل اور چیلنجوں سے نمٹنے کے ضمن میں، ادھیڑ عمر کے لوگوں کو بھی شامل کیا جائے

جمعرات کو جاری ہونے والی ایک وفاقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنہ 1999اور 2012ء کے عرصے میں ادھیڑ عمر امریکیوں میں خودکشی کے رجحان کی شرح میں کافی اضافہ دیکھا گیا، جس کا باعث معاشی انحطاط کے سبب پڑنے والے دباؤ کو قرار دیا جا رہا ہے۔

’سینٹرز فور ڈزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی)‘ کا کہنا ہے کہ زیرِمطالعہ مدت کے دوران، 35سے 64برس کے امریکیوں میں خودکشی کی شرح میں 28فی صد کا اضافہ ہوا۔

تاہم، بوڑھے اور نوجوان طبقے میں اس رجحان میں تبدیلی دیکھی گئی۔


اِسی عرصے کے دوران، پچاس کے پیٹے میں افراد میں خودکشی کا رجحان دوگنا ہوگیا۔

ادارے کا کہنا ہے کہ خود کشی میں اضافے کا سبب کمزور معیشت کے سبب پڑنے والا اضافی دباؤ ہے۔

سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ عمومی طور پر جب معیشت میں کساد بازاری کا رجحان حاوی آتا ہے تو اِس کے اثرات خودکشی کے واقعات میں اضافے کی صورت میں نمایاں ہوتے ہیں۔ اِس دوران، لوگ پریشانی سے بچنے کے لیے نشے آور ادویات کے استعمال کی طرف رُخ کرتے ہیں۔

جائزہ لی گئی مدت کے دوران امریکی معیشت دو بار کساد بازاری کا شکار ہوئی۔

اس میں سے 2001ء کا معاشی انحطاط کا دور نسبتاً مختصر تھا، جب کہ دسمبر 2007ء سے جون2009ء تک کے حالات تاریخی کساد بازاری سے مماثلت رکھتے ہیں، جس کے باعث بے روزگاری کی شرح 10فی صد تک کی سطح کو پہنچ گئی تھی۔


مطالعاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کساد بازاری کے باعث لوگوں کی آمدن پر دباؤ بڑھا جس کا شکار ادھیڑ عمر افراد بنے، جن میں سے کچھ افراد کو اپنے بچوں کی کفالت کے علاوہ اپنے والدین کی دیکھ بھال کرنا بھی شامل تھا، اور ساتھ ہی اُنھیں اپنی بگڑتی ہوئی صحت کے مسائل کی طرف بھی دھیان دینا تھا۔

تاریخی طور پر خود کشی سے بچنے کی کاوش میں عموماً کم عمر اور عمر رسیدہ لوگ شامل ہوا کرتے ہیں، جب کہ ادھیڑ عمر افراد اس میں شامل نہیں ہوتے۔

رپورٹ میں تاکید کی گئی ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ دماغی صحت کے مسائل اور چیلنجوں سے نمٹنے کے ضمن میں ادھیڑ عمر کے لوگوں کو بھی شامل کیا جائے۔

ادارے کے سربراہ، ٹام فرائڈن کے بقول، خودکشی ایک المیہ ہے جو اب عام سی بات ہوتی جارہی ہے۔

اُن کے بقول، ’اِس رپورٹ میں اِس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ خطرے کے اُن عوامل کے بارے میں ہم اپنی آگاہی بڑھائیں، تاکہ وہ اسباب جِن کی بنا پر لوگ خودکشی کی طرف مائل ہوتے ہیں، اُن کا بر وقت تدادرک کیا جاسکے‘۔

مجموعی طور پر 2010ء میں امریکہ میں سڑک کےحادثوں کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 33،687 تھی، جب کہ خود کشی کے سبب 38،364افراد ہلاک ہوئے۔
XS
SM
MD
LG