رسائی کے لنکس

ٹرمپ کا صدر بننا دنیا کے لیے خطرناک ہو گا: رپورٹ


ڈونلڈ ٹرمپ (فائل فوٹو)
ڈونلڈ ٹرمپ (فائل فوٹو)

برطانوی تحقیقاتی تنظیم "ای آئی یو" کی طرف سے عالمی خطرات کی تازہ درجہ بندی میں چین میں سست اقتصادی صورتحال کو سرفہرست رکھا گیا ہے۔

ایک برطانوی تحقیقاتی تنظیم "ای آئی یو" نے اپنا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے کوشاں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ دہشت گردی کے امکانات اور عالمی اقتصادیات میں عدم استحکام کے حوالے سے دنیا کو درپیش چھٹا بڑا خطرہ ہیں۔

عالمی خطرات کی تازہ درجہ بندی میں چین میں سست اقتصادی صورتحال کو سرفہرست رکھا گیا ہے جس کے بعد روس کی شام اور یوکرائن میں کارروائیوں سے نئی سرد جنگ کا آغاز، ابھرتی ہوئی منڈیوں میں قرضوں کا بحران اور یورپی یونین میں پھوٹ کا نمبر ہے۔

ای آئی یو کا کہنا ہے کہ اسے توقع نہیں کہ ٹرمپ نومبر میں ہونے والے انتخابات جیتیں گے، لیکن اس کا معتدل امکان موجود ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔

تنظیم کے مطابق ٹرمپ کی طرف آزاد تجارت سے متعلق ان کی مخاصمت، دہشت گردوں کے خاندانوں کو قتل کرنے کی وکالت، شام میں زمینی فوج بھیجنے کی حمایت، چین اور میکسیکو سے متعلق معاندانہ رویہ تجارتی جنگوں اور دہشت گرد گروپوں کو بڑھاوا دینے کا سبب بن سکتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی مہم کے دوران متعدد بار ایسے متنازع بیانات دیے ہیں جن پر نہ صرف انھیں اپنے حریفوں بلکہ ریپبلکن جماعت کے بعض رہنماؤں کی طرف سے بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

XS
SM
MD
LG