رسائی کے لنکس

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، دو افراد ہلاک، دو زخمی


شہر کے وسطی ضلع میں واقع جمشید روڈ پر پردہ پارک کے قریب، گلشن اقبال میں راشد منہاس روڈ پر الٰہ دین پارک کے نزدیک اور تیسرے واقعے میں کورنگی انڈسٹریل ایریا سے فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ رکنے میں نہیں آ رہا اور بدھ کی رات اس میں اچانک تیزی آ گئی۔ رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں تین واقعات پیش آئے، جن میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔

مرنے والوں میں پولیس اہلکار سب انسپکٹر اقبال محمود بھی شامل ہیں۔

شہر کے وسطی ضلع میں واقع جمشید روڈ پر پردہ پارک کے قریب، گلشن اقبال میں راشد منہاس روڈ پر الٰہ دین پارک کے نزدیک اور تیسرے واقعے میں کورنگی انڈسٹریل ایریا سے فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

ایس پی جمشید ٹاؤن طاہر نورانی نے واقع کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

راشد منہاس روڈ گلشن اقبال میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سب انسپکٹر اقبال محمود بھی شامل تھے جو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ایس پی گلشن اقبال کے مطابق، واقعے میں ملزمان نے پولیس انسپکٹر ان کے ایک ساتھی اور ایک راگیر کو نشانہ بنایا۔ تاہم، باقی دونوں زخمی خیریت سے ہیں۔

ایس پی گلشن اقبال کا کہنا ہے کہ فیروزآباد تھانے میں تعینات سب انسپکٹر اقبال محمود موٹر سائیکل پر جبکہ ملزمان کار میں سوار تھے۔

سب انسپکٹر اقبال محمود سے متعلق ایس ایس پی انوسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ مرحوم انسداد دہشت گردی کے مقدمات کی تفتیش کر رہا تھا۔

واقعے کے فوری بعد ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناءاللہ عباسی فائرنگ کے مقام پر پہنچے، جبکہ ایس ایس پی، سی ٹی ڈی عمر شاہد اور انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ادھر ایس ایس پی ذوالفقار مہر کا کہنا ہے کہ تمام تر مقدمات سے متعلق جائزہ لیا جا رہا ہے۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بھی فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔

فائرنگ کے ان تین واقعات میں مجموعی طور پر دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی گلشن اقبال میں گلشن چورنگی کے قریب ایک شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG