رسائی کے لنکس

دہشت گرد لیپ ٹاپ بم بنانے کے تجربات کرتے رہے ہیں: رپورٹس


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے مختلف ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروپس ایسے دھماکا خیز آلات کے تجربات کرتے آ رہے ہیں جو لیپ ٹاپ میں اس طرح سے چھپائے جا سکیں کہ وہ ہوائی اڈوں پر معمول کی سکیورٹی جانچ کی پکڑ میں نہ آ سکیں۔

سی این این اور سی بی ایس نے جمعہ کو خبر دی کہ امریکی انٹیلی جنس حکام نے انھیں بتایا کہ داعش اور القاعدہ سے منسلک عسکریت پسند برقی آلات میں چھپانے کے لیے ایسے آلات تیار کرنے پر کام کرتے رہے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی انٹیلی جنس معلومات سے پتا چلا کہ ان دہشت گرد گروپوں نے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی کے استعمال کے ایسے جدید آلات حاصل کیے ہیں جس کے ذریعے وہ یہ تجربات کر رہے ہیں کہ کس طرح بارودی مواد کو چھپا کر جہاز پر لے جایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے آٹھ ممالک کے دس ہوائی اڈوں سے مسافروں کو برقی آلات جہاز پر لانے سے ممانعت کے فیصلے میں انٹیلی جنس معلومات نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

گزشتہ ماہ امریکی حکومت نے مصر، اردن، کویت، مراکش، قطر، سعودی عرب، ترکی اور متحدہ عرب امارات سے امریکہ کے لیے براہ راست پروازوں پر سفر کرنے والوں کے لیے برقی آلات اپنے ہمراہ جہاز پر لانے کی قدغن عائد کی تھی۔

اس فیصلے کے بعد برطانیہ نے بھی ایسے ہی انتظامات کا اعلان کیا تھا۔

امریکہ سفر کرنے والے مسافر یہ آلات صرف جہاز میں دیگر سامان کے ساتھ ہی رکھوا سکیں گے۔

XS
SM
MD
LG