رسائی کے لنکس

ریپبلکن امیدواروں کا امیگریشن، خارجہ پالیسی پر اختلاف


ڈونلڈ ٹرمپ نے شدت پسند تنظیم داعش کے عروج کا ذمہ دار لیبیا کے معمر قذافی اور عراقی صدر صدام حسین کی معزولی کو قرار دیا۔

امریکہ کی صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے دوڑ میں شامل ریپبلکنز کے درمیان تازہ ترین مباحثہ اس وقت مچھلی منڈی بن گیا جب امیدواروں سے غیرقانونی تارکین وطن کی ملک میں آمد، امریکہ کی مشرق وسطیٰ میں پالیسی اور امیدواروں کے ٹیکس ریکارڈ کے متعلق سوال پوچھے گئے۔

زمینوں کا کاروبار کرنے والے ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اس دعوے کا اعادہ کیا کہ میکسیکو سے غیرقانونی طور پر تارکین وطن کا امریکہ داخلہ روکنے کے لیے امریکہ کی جنوبی سرحد پر مجوزہ دیوار کا خرچ وہ میکسیکو سے دلوائیں گے۔

چونکہ میکسیکو کے رہنماؤں نے اس مسئلے پر اعتراضات اٹھائے ہیں تو اس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ’’دیوار مزید 10 فٹ اونچی ہو گئی ہے۔‘‘

ان کے قریبی حریف فلوریڈا کے سینیٹر مارکو روبیو اور ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز نے ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے بڑے عمارتی منصوبوں میں غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے محنت کشوں کو استعمال کر رہے ہیں۔

دونوں نے کہا کہ ٹرمپ کو غیرقانونی تارکین وطن کی خدمات حاصل کرنے پر دس لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنا پڑا۔

مارکو روبیو اور ٹیڈ کروز نے اپنے ٹیکس ریکارڈ عام کرنے کی رضامندی کا اظہار کیا اور ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کی کہ وہ اس میں پس و پیش سے کام لے رہے ہیں۔

تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ٹیکس ریکارڈ’’معمول کے آڈٹ‘‘ کے بعد ہی شائع کریں گے۔ امریکہ کی صدارتی دوڑ کے امیدوار عموماً اپنے ٹیکس ریکارڈ عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں۔

خارجہ پالیسی پر ایک سوال کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ شام میں جنگ بندی کے معاہدے کی حمایت نہیں کریں گے۔ اس معاہدے پر عملدرآمد ہفتے سے شروع ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر لیبیا میں معمر قذافی اس وقت اقتدار میں ہوتے تو لیبیا کی صورتحال بہتر ہوتی، جہاں اب خانہ جنگی جاری ہے۔

معمر قذافی کو 2011 میں اس وقت اقتدار سے معزول کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا جب مغربی ممالک نے ملک میں قذافی کے خلاف بغاوت کی حمایت کی تھی۔

ٹرمپ نے شدت پسند تنظیم داعش کے عروج کا ذمہ دار قذافی اور عراقی صدر صدام حسین کی معزولی کو قرار دیا جنہیں 2003 میں معزولی کے تین سال بعد ایک عراقی عدالت کے حکم پر پھانسی دے دی گئی تھی۔

ٹیڈ کروز نے کہا کہ وہ گزشتہ سال جولائی میں ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی ’’دھجیاں بکھیر دیں گے۔‘‘

اس معاہدے کے تحت ایران کی طرف سے اپنا جوہری پروگرام محدود کرنے کے عوض اس پر عائد اقوام متحدہ، امریکہ اور یورپی یونین کی پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ اس سے پہلے کسی عہدے پر منتخب نہیں ہوئے مگر انہوں نے نیو ہمپشائر، جنوبی کیرولائنا اور نیواڈا میں پرائمری انتخابات میں جیت حاصل کی ہے۔

اگلے منگل کو 12 مزید ریاستوں میں صدارتی انتخاب کے لیے ریپبلکن امیدوار کو نامزد کرنے کے لیے پرائمری انتخابات ہو رہے ہیں۔

جمعرات کو جاری ہونے والے ایک جائزے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو سات جنوبی ریاستوں میں 37 فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل ہے جہاں ملک کے چند سب سے قدامت پسند حلقے رہائش پذیر ہیں۔

XS
SM
MD
LG