رسائی کے لنکس

ریکس ٹلرسن امریکی وزیر خارجہ نامزد


نامزد امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن (فائل فوٹو)
نامزد امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن (فائل فوٹو)

منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز سفارت کاری کے سب سے اہم عہدے وزیر خارجہ کے لیے ایکسان موبل کمپنی کے چیئر مین اور سربراہ ریکس ٹلرسن کو نامزد کرنے کے اعلان کیا ہے۔

یہ مسٹرٹرمپ کی جانب سے اپنی کابینہ کے لیے غیر روائتی عہدے دار چننے کا تازہ ترین اقدام ہے۔

ٹلرسن کو ، جنہیں سفارتی شعبے میں کوئی تجربہ نہیں ہے اور روس کے ساتھ ان کے تعلقات پہلے ہی تنقید کی زد میں ہیں امریکی سینیٹ میں اپنے عہدے کو توثیق کی سماعت کے دوران سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

64 سالہ ٹلرسن پیشے کے اعتبار سے ایک انجنیئر ہیں ، انہوں نے آسٹن میں واقع یونیورسٹی آف ٹیکساس سے ڈگری حاصل کرنے کے بعد ایکسان میں ملازمت شروع کی اور پھر چار عشرو ں میں ترقی کرتے ہوئے کمپنی کے اعلیٰ ترین عہدے پر پہنچ گئے۔ وہ اگلے سال کمپنی کی قواعد کے مطابق 65 سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد اپنے عہدے سے ریٹائر ہونے والے ہیں۔

انہیں بین الاقوامی سطح کے معاہدوں کا ماہر سمجھا جاتا ہے اور ان کے دنیا کے کئی ملکوں کے سربراہوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ ان کی یہ خوبی اعلیٰ سفارتی عہدے کے لیے ایک اہم اثاثہ بن سکتی ہے۔

ایکسان موبل کا شمار دنیا کی پانچویں بڑی کمپنی کے طور پر ہوتا ہے۔

ٹلرسن کو امریکی سینٹ سے اپنی نامزدگی کی توثیق حاصل کرنا ہو گی، اس دوران سخت بحث مباحثہ ہو سکتا ہے۔ سینیٹ کی موجودہ ساخت کے پیش نظر اگر تمام ڈیموکریٹ اکھٹے ہوجائیں اور انہیں دو ری پبلیکز کی حمایت مل جائے تو مسٹر ٹرمپ کی یہ نامزدگی مسترد ہو سکتی ہے۔

انتظامیہ کے سینیر عہدے داروں کے مطابق امریکی انٹیلی جینس ایجنسیاں یہ نتیجہ اخذ کر چکی ہیں کہ روس نے صرف امریکہ کے انتخابي عمل میں ہی مداخلت نہیں کی تھی ، بلکہ مسٹر ٹرمپ کو صدارتی عہدہ جیتنے میں مدد کے لیے صدارتی مہم کے آخری مرحلے میں بھی مداخلت کی تھی ۔

XS
SM
MD
LG