رسائی کے لنکس

فلم ’گاندھی‘ کے خالق رچرڈ ایٹن برو چل بسے


رچرڈ نے چھ عشروں پر پھیلے اپنے فلمی کیرئیر میں ’برائٹن راک‘، جنگ عظیم دوئم کے قیدیوں پر مبنی فلم ’دی گریٹ اسکیپ‘ اور ڈائنوسارز پر بنائی جانے والے شہرہ آفاق فلم ’جراسک پارک‘ میں منجھی ہوئی اداکاری سے اپنے فن کا لوہا منوایا

کراچی ۔۔۔ برطانوی ایکٹر اور آسکر ایوارڈ یافتہ سینئر ڈائریکٹر رچرڈ ایٹن برو 90 سال کی عمر میں اس دنیا سے چل بسے۔ انہیں پیار سے ’ڈکی ڈارلنگ‘ بھی کہا جاتا تھا۔ وہ چھ سال پہلے حادثاتی طور پر سیڑھیوں سے گر پڑے تھے جس کے بعد سے مستقل وہیل چیئر پر تھے۔

رچرڈ کے بیٹے نے بھی اپنے ڈیڈ کی موت کی تصدیق کردی ہے، جبکہ امریکی ٹی وی سی این این، فوکس نیوز، سی بی ایس اور دیگر تمام میڈیا نے ان کی موت کی خبروں کو نمایاں کوریج دی۔

رچرڈ نے چھ عشروں پر پھیلے اپنے فلمی کیرئیر میں ’برائٹن راک‘، جنگ عظیم دوئم کے قیدیوں پر مبنی فلم ’دی گریٹ اسکیپ‘ اور ڈائنوسارز پر بنائی جانے والے شہرہ آفاق فلم ’جراسک پارک‘ میں منجھی ہوئی اداکاری سے اپنے فن کا لوہا منوایا۔

کیمرے کے پیچھے بھی رچرڈ ایٹن برو اتنے ہی کامیاب رہے جتنا کیمرے کے سامنے۔ بطور ڈائریکٹر رچرڈ کی ہٹ فلموں میں ’او واٹ اے لولی وار‘، ’چیپلن‘ اور ’شیڈولینڈز‘ شامل ہیں۔ لیکن رچرڈ کے کیرئیر کی شاندار فلم ’گاندھی‘ رہی جس نے بہترین فلم اور بہترین ڈائریکٹر سمیت آٹھ آسکر ایوارڈز جیتے۔

اپنے کام سے رچرڈ کی لگن اوران کے پروفیشنلزم کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اُنھوں نے فلم ’گاندھی‘ 20سال میں مکمل کی۔

رچرڈایٹن برو کی موت پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے انہیں فلمی صنعت کا عظیم سرمایہ قراردیا ہے۔

XS
SM
MD
LG