رسائی کے لنکس

صدر اوباما کو بھیجا گیا زہر آلود خط پکڑا گیا


ِایف بی آئی کا کہنا ہے کہ صدر کو بھیجے جانے والے زہر آلود خط کا بوسٹن میں ہونے والے بم دھماکے سے بظاہر کوئی تعلق نہیں۔

امریکی حکام کے مطابق صدر براک اوباما کو بھیجے جانے والے ایک خط میں سے زہریلا مواد برآمد ہوا ہے۔

امریکی تحقیقاتی ادارے 'ایف بی آئی' کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر کو بھیجے جانے والے ایک خط سے دانے دار مواد برآمد ہوا تھا جس کے ابتدائی ٹیسٹ کے نتائج سے اس کے زہر آلود ہونے کا پتا چلا ہے۔

بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ صدر کو بھیجے جانے والے زہر آلود خط کا بوسٹن میں ہونے والے بم دھماکے سے بظاہر کوئی تعلق نہیں۔

صدر کی سیکیورٹی کی ذمہ دار ایجنسی 'سیکرٹ سروس' کے ترجمان کے مطابق خط منگل کو 'وہائٹ ہائوس' کی ڈاک کی جانچ پڑتال کرنے والے ایک مرکز کو موصول ہوا تھا جہاں 'اسکریننگ' کے دوران اس کے زہر آلود ہونے کا پتا چلا۔

ترجمان کےمطابق 'سیکرٹ سروس'، دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کی پولیس اور 'ایف بی آئی' مشترکہ طور پر خط کے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

'وہائٹ ہائوس' کے ترجمان جے کارنے نے بتایا ہے کہ صدر اوباما کو خط کے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔

صدر اوباما کو زہر آلود خط بھیجے جانے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کے کم از کم ترین سینیٹرز کو بھی مشتبہ خطوط موصول ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق ان خطوط میں سے کم از کم ایک کے زہر آلود ہونے کے تصدیق ہوگئی ہے۔
XS
SM
MD
LG