رسائی کے لنکس

میراتھون ریس، سانحہٴ پشاور سے یکجہتی کا اظہار


شریک ہونے والے اِس دستے کا مقصد سانحہٴپشاور میں شہید ہونے والے اسکول کے معصوم بچوں اور ان کے والدین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا

واشنگٹن میں ہفتے کو منعقد ہونے والے عظیم الشان ’راک اینڈ رول‘ میراتھون ریس میں پہلی بار پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں کا ایک دستہ بھی شریک ہوا۔


محسن بشیر کی قیادت میں میراتھون میں شریک ہونے والے اس دستے کا مقصد سانحہٴپشاور میں شہید ہونے والے اسکول کے معصوم بچوں اور ان کے والدین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔ دستے میں معروف اتھلیٹ، آغا حسنین اور پاکستانی اداکارہ صبیحہ خانم کی پوتی، سہرش خان سمیت درجنوں پاکستانی نژاد امریکی شامل تھے، جنھوں نے میڈل بھی جیتے۔


واشنگٹن میں آر ایف کے اسٹیڈیم سے شروع ہونے والے میراتھون کی تین کیٹیگریز تھیں۔ اِن میں سے، فائیو ایف کے شرکا نے ریس میں پانچ میل، ہاف میراتھون کے شرکا نے 13 میل، جبکہ فل میراتھون کے شرکا نے 26 میل تک دوڑ لگائی۔

اِس موقع پر، واشنگٹن کی اہم ترین شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھا، جس کی وجہ سے پورے شہر میں میراتھون کا ایک ماحول قائم ہوا۔ سخت بارش کے باوجود، اس میراتھون میں شرکت کے لئے قریبی ریاستوں سے بھی لوگ پہنچے، جن میں بچے، بوڑھے، جوان، خواتین و مرد حضرات سبھی شامل تھے۔

ایک محتطاط اندازے کے مطابق، شرکا کی تعداد 40000 سے زائد تھی۔


شرکا کی تواضع اور دیکھ بھال امریکی میرینز نے کی، جو ہاتھوں میں جوس اور پھل لئے شرکا کے منتظر تھے۔

واشنگٹن کی اس سالانہ اسپورٹس تقریب میں ہزاروں لوگ شریک ہوتے ہیں، جن سے حاصل ہونے والی آمدن خیراتی کاموں پر خرچ کی جاتی ہے۔


میراتھون میں پاکستانی دستے کی شمولیت کے حوالے سے گذشتہ شب منعقد ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب میں ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ صبیحہ خانم نے بھی شرکت کی۔

صبیحہ خانم نے سانحہٴپشاور پر دلی رنج کا اظہار کیا۔

پاکستانی دستے کے سربراہ، محسن بشیر نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف منظم ہے۔ سانحہٴپشاور میں معصوم بچوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور عالمی برادری کو پاکستان کے مصائب سے آگاہی کے لئے اس میراتھون میں الگ دستہ لیکر شریک ہو رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG