رسائی کے لنکس

چونک گئے نا آپ۔۔۔ یہ کوئی افواہ نہیں بلکہ حقیقت ہے۔ ایکٹر اور پروڈیوسر پوجا بھٹ نے اپنی آنے والی فلم کا کردار ’نیلام ‘ کرنے کا اعلان کیا ہے

بالی وڈ فلموں میں کام کرنے کے شوقین لوگوں کے لئے خوشخبری ہے کہ اب وہ پیسے دے کر فلم میں اپنی پسند کا کردار حاصل کرسکیں گے۔ چونک گئے نا آپ۔۔۔ یہ کوئی افواہ نہیں بلکہ حقیقت ہے۔ بالی وڈ کی جانی پہچانی ایکٹر اور پروڈیوسر پوجا بھٹ نے اپنی آنے والی فلم کا کردار ’نیلام ‘ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق پوجا بھٹ نیلام کی رقم مظلوم خواتین کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گی۔ یہی نہیں بلکہ وہ بے سہارا اور تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کو مالی مدد بھی فراہم کریں گی۔
نیلامی میں سب سے زیادہ بولی دینے والے شخص کو پوجا بھٹ کی آنے والی فلم ’بیڈ‘ میں رول آفر کیا جائے گا، جبکہ پوجا کی ہی ایک اور فلم ’کیبرے‘کے گانوں میں بھی اسے شرکت کا موقع مل سکے گا۔
’بھٹ فیملی‘ سے تعلق رکھنے والی 41 سالہ پوجا بھٹ شروع ہی سے ایسی فلموں میں کام کرتی آئی ہیں جس میں خواتین کے کسی نہ کسی مسئلے کو سامنے لایا گیا ہو۔
ان کی پہلی فلم ’تمنا‘ کا موضوع بھی متنازعہ تھا جو نومولود بچیوں کو جان سے مار دینے سے متعلق تھا۔ اس کے بعد بھی پوجا نے ’زخم‘ اور ’بارڈر‘ جیسی ایوارڈ یافتہ فلموں میں کام کیا اور بہت سی فلمیں پروڈیوس بھی کیں۔
پوجا بھٹ رواں سال میں اسکاٹ لینڈ کا دورہ کرکے مختلف فورمز کے ذریعے بھارت میں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو دنیا کے سامنے پیش کریں گی اور اسکاٹ لینڈ میں اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی بات کریں گی۔
XS
SM
MD
LG