رسائی کے لنکس

برازیلی فٹ بالر، رونالڈینیو کا پاکستان آنے کا اعلان


دورہٴ پاکستان میں وہ نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کی جدید تکنیک سے آگاہ کریں گے اور ایک نمائشی میچ بھی کھیلیں گے

برازیل کے سابق فٹ بالر اور اسٹار رونالڈینیو جلد پاکستان آئیں گے۔ اس بات کی یقین دہانی خود انہوں نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں کرائی ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’’میں پاکستان آ رہا ہوں‘‘۔

وہ دورہٴ پاکستان میں نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کی جدید تکنیک سے آگاہ کریں گے اور ایک نمائشی میچ بھی کھیلیں گے۔

وہ ایک پاکستانی نجی ادارے کے مہمان ہوں گے۔ کراچی میں اس فرم کے ایک اعلیٰ عہدیدار ریاض احمد نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا ہے کہ دورے سے متعلق تمام تفصیلات رونالڈینیو سے طے کی جا چکی ہیں۔

36 سالہ سابق اسٹار رونالڈینیو 21 مارچ 1980ء کو برازیل میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 2002ء کے ورلڈ کپ فٹ بال میں اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔

انھوں نے 2004 اور 2005 میں مسلسل دو سال ’فیفا‘ کے بہترین فٹ بالر کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے علاوہ وہ گولڈن فٹ بال اور بیلون ڈی اور ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

وہ اسپین کے فٹ بال کلب بارسلونا کے ایمبیسڈر ہیں۔ انہوں نے برازیلین ٹیم کی طرف سے97 میچوں میں 33 گول اسکور کیے ہیں۔

لیزر لیگ یورپ کی سب سے بڑی تنظیم ہے جو برطانیہ، آئرلینڈ اور امریکا بھر میں 250 سے زائد فائیو اے سائیڈ اور سکس اے سائیڈ فٹ لیگس کا انعقاد کرتی ہے۔

اس فرم نے گذشتہ سال مئی میں پاکستان میں اپنے برانڈ کو وسعت دینے کیلئے مہم کا اعلان کیا تھا۔

اسی سال جنوری میں برازیل کے فٹ بال کوچ سانچز بھی نوجوان فٹ بالرز کی تربیت کیلئے پاکستان آئے تھے۔

XS
SM
MD
LG