رسائی کے لنکس

برطانوی شاہی جوڑے کا تین روزہ امریکی دورہ


شاہی جوڑے کا امریکہ کا مختصر دورہ انتہائی مصروف گزرے گا جہاں وہ کئی خیراتی تنظیموں کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

برطانوی شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ کیتھرین مڈلٹن امریکہ کا تین روزہ دورہ کریں گے جس کا آغاز اتوار کو ہوگا۔

شاہی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن 7 دسمبر کو نیویارک پہنچیں گے۔ شاہی جوڑے کا امریکہ کا مختصر دورہ انتہائی مصروف گزرے گا جہاں، وہ خیراتی تنظیموں اور دیگر فلاحی سرگرمیوں سے متعلق کئی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق شہزادہ ولیم پیر کو واشنگٹن میں ورلڈ بنک کی 'انٹرنیشنل کرپشن ہنٹر الائنس کانفرنس' میں شرکت کریں گے جہاں وہ جنگلی حیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خاتمے پر اہم خظاب کریں گے۔

دریں اثنا وہائٹ ہاؤس کے ترجمان نے شہزادہ ولیم اور امریکی صدر کی متوقع ملاقات کی تصدیق کردی ہے۔

وہائٹ ہاوس سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق شہزادہ ولیم ورلڈ بنک کانفرنس میں شرکت کرنے سے کچھ دیر قبل وہائٹ ہاوس میں امریکی صدر سے ملاقات کریں گے اور 'تباہ کن ماحولیاتی مسائل' پر شہزادہ ولیم کی کوششوں کا خیر مقدم کریں گے۔

شہزادی کیٹ مڈلٹن پیر کو نیویارک میں مصرف ترین دن گزاریں گی۔ وہ نیویارک کے مئیر بل ڈی بلاسئیو کی اہلیہ کے ہمراہ پسماندہ بچوں کے نشوونما کے مراکز کا دورہ کریں گی اور برٹش کونسلر جرنل کی قیام گاہ پر نیویارک میں مقیم آرٹ اور کلچر اور تجارت سے وابستہ برطانوی کمیونٹی سے ملاقات کریں گی۔

اسی روز شہزادی کیٹ کی ہیلری کلنٹن اور چیلسی کلنٹن کے ہمراہ رائل فاونڈیشن اور کلنٹن فاونڈیشن کے تعاون سے منعقدہ ایک استقبالیہ میں شرکت بھی متوقع ہے۔

دورے کے دوسرے روز 9 دسمبر کو بروکلین میں شاہی جوڑا 'این بی اے' باسکٹ بال مقابلہ میں شرکت کرے گا جبکہ اسی روز شاہی جوڑے کا گیارہ ستمبر میموریل میوزیم کا دورہ بھی متوقع ہے۔

شاہی جوڑا منگل کو نوجوانوں کی امداد کے لیے کام کرنے والی تنظیموں 'دا ڈور' اور 'سٹی کڈز فاونڈیشن' کا دورہ کرے گا۔

اسی دن نیویارک کے میرڈی بلاسیئو کے ساتھ شاہی جوڑا کا ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی 86 ویں منزل پر آبزرویشن ڈیک کا دورہ بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ شاہی جوڑا ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ میں منعقدہ ایک ٹیکنالوجی ایواڈز کی تقریب میں بھی شرکت کرئے گا ۔

اسکاٹش یونیورسٹی 'سینٹ اینڈریو' کی 600 سالہ سالگرہ کے موقع پر شاہی جوڑا نیو یارک 'میٹرو پولیٹن میوزیم آف آرٹ' میں منعقدہ جشن میں شرکت کرے گا۔

یونیورسٹی کے لیے جندہ جمع کرنے کی اس تقریب میں سینٹ اینڈریو کے سابق طلبہ اپنے مخصوص سرخ لباس میں میوزیم کے باہر شہزادہ ولیم اور کیٹ کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کریں گے۔ سینٹ اینڈریو یونیورسٹی برطانیہ کی بہترین یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے لیکن ان دنوں بین الاقوامی طلبہ کی کمی کی وجہ سے یونیورسٹی مالی مسائل کا شکار ہے۔

اخبار ٹائمز کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑے کی ایک جھلک دیکھنے اور ان کےساتھ پرتکلف عشائیہ میں شرکت کرنے کے لیے امیر امریکیوں نے میوزیم آف آرٹ میں منعقدہ چیریٹی گالا ڈنر کےمہنگے ترین ٹکٹس خریدے ہیں ۔

اخبار کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑے کے ساتھ عشائیہ میں شرکت کرنے کے لیے 10 لوگوں کی وی آئی پی ٹیبل 100,000 ڈالر میں فروخت کی گئی ہے۔ اس تقریب میں 450 افراد کی آمد متوقع ہے اور نو دسمبر کی اس تقریب کے دعوت ناموں سے حاصل ہونے والی تمام رقم سینٹ اینڈریو یونیورسٹی کو جائے گی۔

XS
SM
MD
LG