رسائی کے لنکس

امریکہ داخلی معاملات میں مداخلت سے باز رہے، روس


روسی حکومت نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ روس میں کام کرنے والی این جی اوز کو فنڈ فراہم کرکے اس کے داخلی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔

روس کی حکومت نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ روس میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو فنڈ فراہم کرکے اس کے داخلی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔

ہفتے کو روسی وزارتِ خارجہ کے ترجمان الیگزینڈر لکاشوچ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اس بیان سے قبل امریکی محکمہ خارجہ نے روس میں غیر سرکاری تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈائون کی مذمت کی تھی۔

خیال رہے کہ روسی حکام نے حالیہ ہفتوں میں 'ایمنسٹی انٹرنیشنل' اور 'ہیومن رائٹس واچ' جیسی معتبر بین الاقوامی تنظیموں سمیت درجنوں غیر سرکاری تنظیموں کے دفاتر پر چھاپے مارے ہیں اور ان کے خلاف مختلف الزامات کے تحت تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ان تنظیموں سے منسلک رضاکاروں کا کہنا ہے کہ 'این جی اوز' کے خلاف حالیہ کاروائیوں کی بنیاد وہ متنازع قانون ہے جس کے تحت غیر ملکی امداد حاصل کرنے والی ایسی غیر سرکاری تنظیموں کو جو سیاست کے میدان میں کام کر رہی ہیں خود کو حکام کے پاس از سرِ نو رجسٹرڈ کرانا ہوگا۔

قبل ازیں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ روس میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کی براہِ راست مالی معاونت نہیں کر رہا بلکہ یہ کام روس کے دائرہ اختیار سے باہر موجود مختلف پلیٹ فارمز سے کیاجارہا ہے۔
XS
SM
MD
LG