رسائی کے لنکس

حلب جنگ بندی میں تین روز کی توسیع


امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ امریکہ حلب میں جنگ بندی میں توسیع کا خیر مقدم کرتا ہے

روس نے کہا ہے کہ اس کی ثالثی میں جنگ سے تباہ حال شامی شہر حلب میں مقامی طور نافذ جنگ بندی میں 72 گھنٹے کی توسیع ہو گئی ہے۔

اس علاقے میں شامی حکومت اور باغیوں کے درمیان ہونے والی حالیہ لڑائیوں میں 300 کے لگ بھگ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

روس کی "انٹرفیکس" نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت دفاع نے یہ بھی اعلان کیا کہ شمالی خطے الاذقیہ میں بھی جنگی کارروائیوں کی بندش میں 72 گھنٹے کی توسیع کر دی گئی ہے۔

امریکہ اور روس نے الاذقیہ اور دمشق کے نواح میں واقع مشرقی علاقے غؤطہ میں گزشتہ ہفتے مقامی معاہدے کے تحت جنگ بندی کروائی تھی جس کا مقصد رواں سال فروری میں شام میں مخاصمانہ کارروائیوں کی روک تھام کے لیے اعلان کردہ معاہدے کو تقویت دینا تھا۔

حلب اور دیگر علاقوں میں تشدد پر مبنی کارروائیوں کے باعث شام کی حکومت اور حزب مخالف کے درمیان سیاسی بات چیت کے عمل کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے جب کہ اس سے شدت پسند گروپ داعش کے خلاف بین الاقوامی کوششیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ امریکہ حلب میں جنگ بندی میں توسیع کا خیر مقدم کرتا ہے جو کہ ان کے بقول تشدد میں کمی کا سبب بنے گی۔ لیکن ان کے بقول امریکہ اس کے نتائج میں وسعت چاہتا ہے۔

"ہمارا مقصد ایک ایسے مرحلے پر پہنچنا ہے کہ جس میں گھنٹوں کو شمار نہ کیا جائے اور پورے شام میں جنگ بندی کا احترام ہو۔"

XS
SM
MD
LG