رسائی کے لنکس

پیوٹن پوروشنکو ملاقات، خون خرابہ بند کرنے پر زور


غیر رسمی ملاقات میں، دونوں سربراہان نے جنوب مشرقی یوکرین میں خون خرابے کو تیزی سے بند کرانے اور یوکرین کی مسلح افواج اور یوکرین کے وفاق کے حامیوں کے درمیان جنگی کارروائیاں بند کرنے پر زور دیا

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرین کے منتخب صدر، پیٹرو پوروشنکو نے جمعے کے دِن فرانس کے شہر نارمنڈی میں جنگ عظیم دوئم کی سترہویں یادگاری ’ڈی ڈے‘ تقریب سے باہر مختصر ملاقات کی۔

فرانسسی عہدے داروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دونوں سربراہان کی اس غیر رسمی ملاقات کے دوران دوسرے موضوعات کے علاوہ، مشرقی یوکرین میں یوکرینی حکومت کی افواج اور روس نواز علیحدگی پسندوں کے مابین جنگ بندی کے امکان پر گفتگو ہوئی۔

روسی خبر رساں ادارے نے مسٹر پیوٹن کے ترجمان، دِمتری پسکوف کے حوالے سے بتایا ہے کہ بات چیت میں، دونوں سربراہان نے جنوب مشرقی یوکرین میں خون خرابے کو تیزی سے بند کرانے اور دونوں فریق، یعنی یوکرین کی مسلح افواج اور یوکرین کے وفاق کے حامیوں کے درمیان، جنگی کارروائیاں بند کرنے پر زور دیا۔

بعدازاں، جمعے ہی کے دِن، امریکی صدربراک اوباما اور روسی سربراہ نے ڈی ڈے تقریب کے احاطے سے باہر مختصر غیر رسمی ملاقات کی۔ اس سے قبل، مسٹر پیوٹن کی جرمن چانسلر، آنگلہ مرخیل سے ملاقات ہوئی۔

جمعرات کےدِن، مسٹر پیوٹن کی برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور فرانس کے صدر، فرانسواں ہولاں سے ملاقات ہوئی۔
XS
SM
MD
LG