رسائی کے لنکس

روس: نیٹو کو ہوائی اڈہ دینے پر غور


روسی وزیرِ خارجہ سرجئی لاروف نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ اور نیٹو ممالک کو افغانستان میں تعینات اپنی افواج کو رسد پہنچانے کے لیے ایک روسی ہوائی اڈہ دینے سے متعلق معاہدے کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

لاوروف نے بدھ کو روسی قانون سازوں کو بتایا نیٹو ممالک کو روس کے شہر الینووسک میں واقع ہوائی اڈہ استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور ہورہا ہے لیکن ابھی اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ اور نیٹو افواج کو طویل مدت کے لیے ہوائی اڈے کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اگر روس نے ہوائی اڈے کے استعمال کی اجازت دیدی تو امریکہ اور نیٹو ممالک اسے افغانستان میں تعینات فوجیوں کی آمدو رفت اور انہیں رسد کی فراہمی کے لیے استعمال کرسکیں گے۔

قانون سازوں سے اپنے خطاب میں روسی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں نیٹو افواج کی کامیابی روس کے بہترین مفاد میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور منشیات کے اسمگلروں سے پاک ایک مستحکم افغانستان روس کا فائدہ پہنچائے گا۔

یاد رہے کہ افغانستان میں موجود اپنی افواج کو رسد پہنچانے کے لیے روس نے پہلے ہی امریکہ اور نیٹو کو اپنے ریل اور فضائی راستوں کے استعمال کی اجازت دے رکھی ہے۔

اگر مجوزہ معاہدے پر اتفاق ہوگیا تو تاریخ میں پہلی بار ایک روسی ہوائی اڈہ امریکہ اور نیٹو کے تصرف میں آجائے گا۔

XS
SM
MD
LG