رسائی کے لنکس

روس: ایرانی نکتہ چینی مسترد


روسی وزیر خارجہ نے ایران کی جانب سے تہران کے متنازع جوہری پروگرام کے خلاف نئی پابندیوں پر کریملن کی حمایت پر نکتہ چینی مسترد کردی ہے۔

وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے جمعرات کے روز ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کے تبصروں کو جذباتی قرار دے کر مسترد کردیا۔ انہوں نے ماسکو میں نامہ نگاروں سے کہا کہ روس کئی برسوں سے اس تنازع کے حل میں مدد کی کوشش کررہاہے لیکن ایران کا ردعمل غیر تسلی بخش رہا ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ جمعرات کی شام مسٹر لاروف نے ایرانی وزیر خارجہ منوچہر متکی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی اور انہیں یہ بتایا کہ روس اب بھی سفارتی تصفیے کے لیے سرگرمی سے کام کرسکتا ہے۔

ایرانی صدر نے بدھ کے روز ، ماسکو پر امریکی دباؤ کے سامنے گھنٹے ٹیکنے کاالزام لگاتے ہوئے روس کی جانب سے نئی پابندیوں کی حمایت کی مذمت کی تھی۔

مسٹر احمدی نژاد نے روس اور امریکہ دونوں سے یہ اپیل کی تھی کہ وہ ترکی اور برازیل کی ثالثی میں طےپانے والے جوہری ایندھن کے تبادلے کے معاہدے کو تسلیم کرلیں۔

XS
SM
MD
LG