رسائی کے لنکس

جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا عزم


چین اور جنوبی کوریا کے صدور کی ملاقات
چین اور جنوبی کوریا کے صدور کی ملاقات

صدر پارک کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے جزیرہ نما کوریا میں حالیہ کشیدگی کم کرنے میں چین کے کردار پر صدر شی کا شکریہ ادا کیا۔

جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ہئیی اور چین کے صدر شی جنپنگ نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس مسئلے پر چھ فریقی مذاکرات فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے امریکہ سمیت چھ عالمی طاقتوں کے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی عالمی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔

صدر پارک کے دفتر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ 2005 میں طے پانے والے جوہری معاہدے کا حقیقی نفاذ شروع کیا جانا چاہیئے جس میں جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

صدر پارک جنگ عظیم دوئم کے خاتمے کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر تقریبات میں شرکت کے لیے چین کے سہ روزہ دورے پر ہیں اور انہوں نے اس دوران صدر شی سے بیجنگ کے ’’گریٹ ہال آف دی پیپل‘‘ میں ملاقات کی۔

رہنماؤں نے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی پیدا کرنے والے کسی بھی اقدام کے حوالے سے خبردار کیا۔

اس انتباہ سے چند دن قبل ہی شمالی کوریا کی جانب سے مبینہ طور پر غیرفوجی علاقے میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں سے جنوبی کوریا کے دو فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا اور طرفین جنگ کے قریب پہنچ گئے تھے، جس کے بعد شمالی کوریا کی جانب سے جنوبی کوریا کو اس مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات کی دعوت دی گئی۔

جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ میں یہ قیاس آرائیاں کی گئیں کہ شمالی کوریا کی جارحیت سے چین ناراض ہوا اور اس نے اپنے اتحادی پر کشیدگی ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔

صدر پارک کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے جزیرہ نما کوریا میں حالیہ کشیدگی کم کرنے میں چین کے کردار پر صدر شی کا شکریہ ادا کیا۔

امریکہ نے بھی چین اور جنوبی کوریا کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG