رسائی کے لنکس

لندن میئر: صادق خان کے لیے عالمی شخصیات کے پیغامات


نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے صادق خان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ''میں لندن کے نئے میئر اور سستی رہائش کی وکالت کرنے والے اپنے ایک ساتھی کو مبارکباد کا پیغام بھیج رہا ہوں۔ ہم جلد ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں گے''

صادق خان برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہوئے ہیں اور یہ خبر دنیا بھر کے اخبارات کی شہ سرخیوں میں ہے۔ ان کی شاندار کامیابی پر انھیں عالمی رہنماؤں اور میئر کے ہم منصب پر فائز شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبارکباد کے پیغامات بھیجے گئے ہیں۔

امریکی ڈیموکریٹ رہنما اور صدراتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے لندن کت نئے میئر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹوئٹر کے ایک پیغام میں لکھا کہ''ایک پاکستانی بس ڈرائیور کے بیٹے، محنت کشوں کے حقوق اور انسانی حقوق کے چیمپئین اور اب لندن کے میئر صادق خان آپ کو بہت مبارک ہو۔''

نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے صادق خان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ''میں لندن کے نئے میئر اور سستی رہائش کی وکالت کرنے والے اپنے ایک ساتھی کو مبارکباد کا پیغام بھیج رہا ہوں ہم جلد ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔''

ہسپانوی پس منظر سے تعلق رکھنے والی پیرس کی پہلی خاتون میئر این ہڈالگو نے صادق خان کو ٹوئٹر پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ انھوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ''میں لندن کے نو منتخب میئر صادق خان کو مبارک باد پیش کرتی ہوں، ان کی انسانیت سے قائل ہوئی ہوں اور ان کی ترقی پسندی سے لندن کے لوگوں کا فائدہ ہوگا''۔

فرانسیسی وزیر اعظم مانوئل والس نے ٹوئٹر کے ذریعے صادق خان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا کہ ''صادق خان، آپ کو یہ شاندار کامیابی مبارک ہو۔ ہم یہاں فرانس میں آپ کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔''

انڈونیشیا کے داراحکومت جکارتہ کے پہلے عیسائی گورنر باسوکی جحاجا پرناما نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ''صادق خان آپ کو لندن کا میئر بننا مبارک ہو۔ یہ جمہوریت، میرٹ اور رواداری کی ایک متاثرکُن کہانی ہے۔''

لیبر جماعت کے سابق رہنما، ایڈ ملی بینڈ نے صادق خان کے حوالے سے یہ پیش گوئی کردی ہے کہ صادق خان لندن کے ایک بہترین میئر ثابت ہوں گے۔

انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ''صادق خان آپ ایک شاندار میئر ثابت ہوں گے۔ آپ کے مثبت وژن اور وقار نےخوف اور تقسیم کو شکست دی ہے۔''

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی سابق اہلیہ اور برطانوی صحافی جمائما خان نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ''صادق خان آپ کو لندن کا پہلا مسلمان میئر بننا مبارک ہو۔ ایک شہر جو تمام ثقافتوں، پس منظر اور مذاہب کے ماننے والوں کا ہے، یہ مسلمان نوجوانوں کے لیے ایک عظیم مثال ہے''۔

ایک دوسرے پیغام میں انھوں نے اپنے چھوٹے بھائی اور ٹوری کے امیدوار زیک گولڈ اسمتھ کی منفی انتخابی مہم کےحوالے سے تنقید بھی کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ''افسوس کہ زیک کی انتخابی مہم زیک کی شخصیت کی عکاسی نہیں کرسکی، جیسا کہ میں اسے جانتی ہوں کہ وہ دوستانہ اور آزاد ذہن کا سیاست دان ہے۔''

کنزرویٹیو جماعت سے تعلق رکھنےوالی سابقہ قانون ساز اور برطانیہ کی کابینہ کی پہلی مسلمان خاتون وزیر، سعیدہ وارثی نے زیک گولڈ اسمتھ کی انتخابی مہم کی ناکامی کے حوالے سے کہا کہ ''لندن میئر کے لیے ہماری گندی انتخابی مہم کی وجہ سے ہم الیکشن اور نسل اور مذہب کے مسائل پر اپنی عمومی ساکھ بھی ہار گئے ہیں''۔

انھوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں صادق خان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی بھیجا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین، بلاول بھٹو اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی اپنے ٹوئٹر کےصفحے پر صادق خان کو لندن کا میئر بننے پر مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔

XS
SM
MD
LG