رسائی کے لنکس

سلمیٰ آغا کی بیٹی ساشا آغا بھی فلمی دنیا میں


'میں نے ایسے گھرانے میں جنم لیا ہے جہاں موسیقی سب کا اوڑھنا بچھونا ہے۔ گائیکی کے رموز میں نے اپنی ماں سے سیکھے ہیں۔‘

ایکٹنگ اور آوازکے جادو سے بھارت اور پاکستان میں اپنا سکہ جمانے والی سلمیٰ آغا کو تو آپ جانتے ہی ہیں لیکن اب ان کی بیٹی ساشا آغا کو بھی فن کی دنیا میں خوش آمدید کہنے کے لئے تیار ہو جایئے۔ یش راج پکچرز کے بینر تلے بننے والی ان کی پہلی فلم ”اورنگ زیب“ 17مئی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جبکہ اسی فلم کے لئے گایا ہوا ان کا ایک گانا ’بربادیاں' بھی منظر ِعام پر آگیا ہے۔

ساشا نے سلمیٰ آغا کی بیٹی ہونے کا پورا پورا ثبوت دیتے ہوئے اپنی ماں کی طرح ہی نا صرف اپنی پہلی فلم میں اداکاری کی بلکہ آواز کا جادو بھی جگایا ہے۔

بھارت کی ایک فلمی ویب سائٹ ”گلیم شیم “ کو انٹرویو دیتے ہوئے ساشا نے بتایا، ”میں نے ایسے گھرانے میں جنم لیا ہے جہاں موسیقی سب کا اوڑھنا بچھونا ہے۔ گائیکی کے رموز میں نے اپنی ماں سے سیکھے ہیں اور میں چاہوں گی کہ اس فن کو کبھی نہ بھولوں اس لئے میں فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ سنگنگ بھی کرتی رہوں گی“

ساشا کا مزید کہنا ہے کہ موسیقی میرے خون میں رچی بسی ہوئی ہے۔ نامور موسیقار ساجد اور واجد میرے انکل ہیں۔ انگریزی سانگ رائٹر نتاشا خان میری سوتیلی بہن ہیں۔ جگل کشور مہرا میرے دادا اورراج کپور کے انکل تھے جنہوں نے انوری بیگم سے، جو اپنے وقت کی مشہور گائیکہ تھیں شادی کی تھی۔ میری نانی نسرین آغا بھی اپنے دور کی مشہور گلوکارہ تھیں۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ میں اپنے خاندان کی چوتھی نسل ہوں جس کا تعلق گائیگی سے ہے۔ میں نے گائیکی خاندان میں ہی جنم لیا۔ “

فلم کے ایک قریبی حلقے کا کہنا ہے کہ فلم کے پروڈیوسر ادتیہ چوپڑا نے ساشا کو گانا گانے پر اصرار کیا۔ گانے کا نام ”بربادیاں“ ہے ۔ جس وقت انہوں نے آڈیشن میں ساشا کی آواز سنی تھی اسی وقت انہوں نے ساشا کی آواز میں گانا ریکارڈ کرنے کا ارادہ کرلیا تھا۔

بربادیاں دراصل کلب ٹریک ہے جس کی پکچرائزیشن ساشا اور ارجن کپور پر کی گئی ہے۔ ساشا اور ارجن کپور فلم کے مرکزی کردار ہیں۔
XS
SM
MD
LG