رسائی کے لنکس

مسلمان سلمان خان کی فلم نہ دیکھیں: خطبہ


’ایک اداکار ہر بار عیدالفطر کے موقع پر اپنی نئی فلم ریلیز کرا دیتا ہے۔ مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد یہ فلم دیکھنے جاتی ہے۔ لہذا، میری درخواست ہے کہ مسلمان اس بار اس اداکار کی کوئی فلم نہ دیکھیں‘

ایک بھارتی عالم دین کا کہنا ہے کہ مسلمان اس عید پر سلمان خان کی فلم ’کک‘ دیکھنے سنیما ہال نہ جائیں. بقول اُن کے، ’عید کا دن گزارنے اور تفریح کے اور بھی بہت سے طریقے ہیں‘۔

ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال کی مقامی عیدگاہ میں منگل کو عید کا خطبہ دیتے ہوئے, قاضی سید مشتاق ندوی نے سلمان خان کا نام لئے بغیر کہا کہ ’ایک اداکار ہر بار عیدالفطر کے موقع پر اپنی نئی فلم ریلیز کرا دیتا ہے۔‘

اُنھوں نے کہا کہ، ’مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد یہ فلم دیکھنے جاتی ہے۔ لہذا، میری درخواست ہے کہ مسلمان اس بار اس اداکار کی کوئی فلم نہ دیکھیں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ایسا کرنے سے ’وہ‘عید پر فلم ریلیز کرنا چھوڑ دے گا۔ عیدالفطر رمضان میں کی گئی عبادات کا صلہ ہے، اسے فلم دیکھ کر ضائع نہ کریں۔‘

روزنامہ ’ہندوستان ٹائمز‘ نے اس حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ خطبے کے موقع پر ہزاروں افراد نماز کی غرض سے عیدگاہ میں موجود تھے۔

بھارتی فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ سلمان خان کی بیشتر فلمیں عید کے موقع پر ریلیز ہوئی ہیں جن میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ ، ’دبنگ‘، ’وانٹیڈ‘، ’دبنگ ٹو‘ اور ‘باڈی گارڈ‘ سرفہرست ہیں۔

پھر چونکہ بھارت میں مسلمان سب سے بڑی اقلیت اور کروڑوں کی تعداد میں ہیں، لہذا عید کی چھٹیوں میں وہ فلموں سے خوب انجوائے کرتے ہیں اور شاید اس وجہ سے بھی سلمان خان کی مذکورہ فلمیں سو، سو کروڑ روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

سب سے خوش قسمت سپراسٹار
لیکن، اس کے باوجود، سلمان خان عید کے مزے اڑانے والے سب سے خوش قسمت سپر اسٹار ہیں۔ وہ ہر سال عیدالفطر کے موقع پر اپنی نئی فلم ریلیز کرنے پر زور دیتے ہیں اور خوش بختی دیکھئے کہ ہر بار قسمت کی دیوی ان پر بے حساب دولت اور شہرت لٹا دیتی ہے۔

اس بار بھی ایسا ہی ہوا۔ ان کی نئی فلم ’کک‘ 25جولائی کو ریلیز ہوئی اور چار دنوں میں ہی 100کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوگئی۔ فلم ٹریڈ سے وابستہ نامور تجزیہ نگار ترون آدرش نے ’ٹوئٹ‘ کیا ہے کہ ’کک‘ بھی ’سو کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی فلموں کے کلب‘میں شامل ہوگئی ہے۔

فلم ’ کک‘ میں سلمان خان کے علاوہ جیکلین فرنینڈیس، رندیپ ہدا اور نواز الدین صدیقی شامل ہیں۔ فلم نے صرف دو دن میں ہی 50کروڑ سمیٹ لئے تھے۔

خبریں گرم ہیں کہ اگر آئندہ کچھ روز تک باکس آفس اسی قدر رش لیتا رہا تو ’کک‘ سلمان خان کی ہی کئی فلموں مثلاً ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور ’باڈی گارڈ ‘کا ریکارڈ بھی توڑ دے گی۔

’کک’۔۔کے پاکستانی باکس آفس پر بھی کمالات جاری
سلمان خان کی نئی فلم ’کک‘ پاکستانی باکس آفس پر بھی نئے کمالات دکھا رہی ہے اور فلمی حلقوں کا خیال ہے کہ سنگل اسکرینز اور ملٹی پلیکس سنیما ہالز پر پہلے ہفتے ہی اس کی کامیابی کا گراف سب کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ ملک میں اس وقت تقریباً 70سنیماہالز ہیں جن میں سے 58پر ’کک‘ کی نمائش جاری ہے ۔

کچھ خبروں میں یہ پیش گوئی بھی کی جارہی ہے کہ ہوسکتا ہے ’کک‘ ۔۔’وار‘ اور ’دھوم تھری‘ سے بھی آگے نکل جائے کیوں کہ ’دھوم تھری‘ اڑتالیس اور ’وار ‘ چھپن اسکرینز پر نمائش کے لئے پیش کی گئی تھی۔ پاکستان میں ’دھوم تھری ‘ 240 ملین روپے کماکر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی پہلی فلم تھی جبکہ ’وار‘ دوسرے نمبر پر رہی جس نے 230ملین روپے کا بزنس کیا۔

ایکسپریس ٹریبیون کی ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ ’کک‘ کو مسلسل دس روز تک ’کھل کر‘ بزنس کرنے کا موقع ملے گا کیوں کہ 8اگست کو اکشے کمار کی فلم ریلیز ہونے تک ’کک‘ کے مقابلے میں کوئی اور فلم نہیں ہوگی یوں مقابلے کا میدان بالکل خالی ہوگا۔

XS
SM
MD
LG