رسائی کے لنکس

سمارٹ فون نوٹ سیون کو دوبارہ فروخت کرنے کا منصوبہ


کمپنی کا اندازہ ہے کہ نوٹ سیون میں خرابی کی وجہ سے اسے نو مہینے کی مدت میں ساڑھے پانچ ارب ڈالر کا نقصان ہوا کیونکہ جب فون مارکیٹ سے واپس لیا گیاتو اس وقت تک 30 لاکھ سے زیادہ فون فروخت ہو چکے تھے۔

ٹیکنالوجی کی ایک بہت بڑی کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس اپنے گلیکسی نوٹ سیون کے مرمت شدہ سمارٹ فون فروخت کرنے کامنصوبہ بنا رہا ہے۔

کمپنی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پچھلے سال فون کی بیڑی میں آگ بھڑک اٹھنے کی شکایات کے بعد مارکیٹ سے واپس لیے گئے فون مرمت و تبدیلیوں کے بعد دوبارہ فروخت کیے جائیں گے۔

پچھلے سال سام سنگ نے نوٹ سیون تقریباً 900 ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیا تھا۔

بعدازاں کی گئی تحقیقات سے پتا چلا تھا کہ خرابی کے واقعات دو کمپنیوں کی فراہم کردہ بیٹریوں میں پیش آئے، جن میں سے ایک کمپنی سام سنگ ایس ڈی آئی کو اور دوسری ایمپریکس ٹیکنالوجی تھی۔

سام سنگ کے تجزیہ کاروں اور آزاد محققین کا کہنا ہے کہ نوٹ سیون سمارٹ فون میں سوائے بیٹری کے اور کوئی خرابی نہیں تھی، جس کے بعد ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملی تھی کہ سام سنگ اپنے نوٹ سیون کو مرمت کے بعد دوبارہ فروخت کے لیے پیش کرے گا تاکہ اس کے نقصانات کی کچھ تلافی ہو سکے۔

صورت حال سے واقف ایک شخص نے خبررساں ادارے روئیٹرز کو جنوری میں بتایا تھا کہ کمپنی نوٹ سیون کی مرمت کے بعد اسے دوبارہ فروخت کرنے یا اس کے کچھ حصے دوبارہ استعمال کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہی ہے۔

سام سنگ کی جانب سے یہ اعلان کہ وہ نوٹ سیون کو از سر نو فروخت کرے گا، وقت کے لحاظ سے حیران کن ہےکیونکہ وہ اسے اپنے نئے سمارٹ فون ایس 8 کے تقریباً ساتھ ہی مارکیٹ کرنے جا رہے ہیں۔

سام سنگ ایس 8 بدھ کے روز سے امریکی صارفین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

سام سنگ نے خبررساں ادارے روئیٹرز کو بتایا کہ نئی بیٹری کے ساتھ مرمت شدہ ایس سیون ماڈل کی فروخت کے متعلق معاملات کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا جس میں یہ چیز بھی شامل ہے کہ اسے دنیا کی کس مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا۔ تاہم یہ واضح ہے کہ اسے امریکہ یا بھارت کی مارکیٹ میں نہیں بھیجا جائے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نوٹ سیون میں ایسی بیٹری نصب کی گئی ہے جو تمام حفاظتی تقاضے پورے کرتی ہے۔

کمپنی کا اندازہ ہے کہ نوٹ سیون میں خرابی کی وجہ سے اسے نو مہینے کی مدت میں ساڑھے پانچ ارب ڈالر کا نقصان ہوا کیونکہ جب فون مارکیٹ سے واپس لیا گیاتو اس وقت تک 30 لاکھ سے زیادہ فون فروخت ہو چکے تھے۔

سام سنگ کا یہ بھی خیال ہے کہ اگر نوٹ سیون کو دوبارہ فروخت نہ بھی کیا گیا تو اس کے کچھ حصے، مثلاً چپ، کیمرہ، اور دوسرے آلات کسی اور ماڈل میں دوباہ استعمال کیےجا سکتے ہیں۔

ماحول دوست گروپس نے سام سنگ پر زور دیا ہے کہ نوٹ سیون کے مسئلے سے نمٹنے وقت ماحول دوست طریقے اپنائے۔

XS
SM
MD
LG