رسائی کے لنکس

صنم سعید کی اداکاری سے سجا نیا سیریل ’دیار دل‘


'دیار دل‘ کی کہانی آغا جان کے گھر سے شروع ہوتی ہے ‘جن کے دو بیٹے ہیں۔ وہ ضدی شخصیت کے مالک ہیں اور حویلی میں صرف انہی کا حکم چلتا ہے۔ وہ اپنے بڑے بیٹے بہروز کی شادی اپنی بھتیجی ارجمند سے بچپن میں ہی طے کرچکے تھے لیکن۔۔۔۔

پہلے پاکستان۔۔ اور پھر بھارت میں کامیابی کی حدوں کو عبور کرنے والے سیریل ’زندگی گلزار ہے‘ کے بعد صنم سعید کا نیا ڈرامہ ’دیار دل‘ ابھی سے خبروں میں ’ان‘ ہوگیا ہے۔ ڈرامہ انڈسٹری سے جڑے بعض لوگوں اور بہت سے ناظرین کی رائے یہ ہے کہ ’صنم سعید کی موجودگی دیار دل کو کامیاب کرنے میں اہم رول ادا کرے گی۔‘

’ہم‘ ٹی وی سے شروع ہونے والے اس ڈرامے کے بارے میں چینل کے ایک عہدیدار صغیر منہاس نے وی او اے کو بتایا کہ 'دیار دل‘ کی کہانی آغا جان کے گھر سے شروع ہوتی ہے‘، جن کے دو بیٹے ہیں۔ وہ ضدی شخصیت کے مالک ہیں اور حویلی میں صرف انہی کا حکم چلتا ہے۔

آغا جان اپنے بڑے بیٹے بہروز کی شادی اپنی بھتیجی ارجمند سے بچپن میں ہی طے کر چکے تھے، لیکن بڑے ہوکر وہ جونہی ان کے نکاح کا اعلان کرتے ہیں بہروز انکشاف کرتا ہے کہ اسے اپنی کلاس فیلو روحی سے محبت ہے اور شادی کرے گا تو صرف اسی سے۔

آغا جان اس انکشاف پر غصہ ہو جاتے ہیں اور بہروز کی ارجمند سے شادی پر اڑ جاتے ہیں۔ لیکن، بہروز بھی باپ کی طرح ضدی ہے، وہ آغا جان کے فیصلے کے خلاف اٹھ کھڑا ہوتا ہے اور جب اس پر بھی بات نہیں بنتی تو گھر چھوڑ کر چلا جاتا ہے۔

سیریل "دریا دل" کے اداکاروں کا ایک گروپ فوٹو
سیریل "دریا دل" کے اداکاروں کا ایک گروپ فوٹو

آغا جان بھی بھلا کب ماننے والے تھے، وہ ایک عجیب شرط رکھتے ہیں کہ اگر بہروز نے مقررہ وقت پرارجمند سے نکاح نہیں کیا تو بہروز کی جگہ ان کی چھوٹا بیٹا صہیب ارجمند سے نکاح کرلے گا۔

کہانی یہیں ختم نہیں ہوتی، بلکہ باپ اور بیٹے ضدکی خاطر وہ کچھ کر بیٹھتے ہیں جو شاید پہلے کبھی نہ ہوا ہو۔

’دیار دل‘ کو تحریر کیا ہے فرحت اشتیاق نے، ہدایات دی ہیں حسیب حسن نے۔

پیشکش مومنہ درید کی ہے، جبکہ اداکاروں میں شامل ہیں میکال ذوالفقار، صنم سعید، حریم فاروق، عابد علی، علی رحمٰن، عثمان خالد بٹ، اشیتا، بہروز سبزواری اور تارہ محمود۔

XS
SM
MD
LG