رسائی کے لنکس

متعدد ڈراموں میں دلہن کا روپ بھرنے والی صنم سعید حقیقی زندگی میں بھی دلہن بن کر اپنے خوابوں کے شہزادے فرحان حسن کے گھر سدھار گئی ہیں۔ فرحان حسن ان کے بچپن کے دوست ہیں

ڈرامہ سیریل ’زندگی گلزار ہے‘ سے شہرت کی نئی بلندیوں کو پہنچنے والی اداکارہ صنم سعید کے لئے نئے سال کی شروعات ہی بہت خوش کن انداز میں ہوئی ہے۔ ایک طرف انہیں من چاہا جیون ساتھی مل گیا ہے تو دوسری طرف اسی سال وہ سلور اسکرین پر قسمت آزمانے جا رہی ہیں۔

تیکھے نین نقش اور دل میں سما جانے والی اداکاری کرنے والی صنم سعید کے فینز کے لئے یہ خبر یقیناً خوشی کا باعث ہوگی کہ متعدد ڈراموں میں دلہن کا روپ بھرنے والی صنم سعید حقیقی زندگی میں بھی دلہن بن کر اپنے خوابوں کے شہزادے فرحان حسن کے گھر سدھار گئی ہیں۔

فرحان حسن ان کے بچپن کے دوست ہیں، کراچی سے تعلق رکھتے ہیں اور پیشے کے لحاظ سے بینکر ہیں۔

دونوں کی شادی ستاروں کا جھرمٹ بن گئی۔ محب مرزا سے لے کر سبل چوہدری تک گلیمر ورلڈ کی متعدد معروف شخصیات نے شادی میں شرکت کی۔

اس روز دونوں نے آف وائٹ کلر کے کپڑے زیب تن کئے تو یوں لگا جیسے چاروں طرف چاند کی کرنیں بکھر گئی ہوں۔ صنم سعید نیچرل میک اپ اور آف وائٹ برائیڈل سوٹ میں بہت باوقار اور خوبصوت لگ رہیں تھیں، جبکہ فرحان حسن بھی آف وائٹ شیروانی کے روایتی لباس میں انتہائی خوش دکھائی دئیے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ نے تو اس شادی کو نمایاں انداز میں کوریج دی ہی ، بھارتی ٹی وی ’آئی بی این لائیو‘ اور دیگر چینلز اس کی کوریج میں کسی سے پیچھے نہیں رہے۔

صنم ’زندگی گلزار ہے‘ کے علاوہ اپنے کریڈٹ پر ’دام‘، ’متاع جاں ہے تو‘، ’میرا نصیب‘ اور ’کدورت‘ جیسی ہٹ سیریلز رکھتی ہیں۔

ماڈلنگ، سنگنگ اور ٹی وی پر اپنے ٹیلنٹ کا سکہ جمانے کے بعد اب صنم سلور اسکرین پر بھی چمکنے والی ہیں۔ ڈائریکٹر انجم شہزاد کے ساتھ ان کی پہلی فلم ’ماہ میر‘ بھی رواں سال ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں فہد مصطفیٰ اور ایمان علی بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG