رسائی کے لنکس

تین مغربی ریاستوں میں سینڈرز فاتح


ہلری کلنٹن جنوبی ریاستوں میں سینڈر کو واضح فرق سے شکست دے چکی ہیں لیکن ان تین مغربی ریاستوں میں ان کی سرگرمیاں کچھ خاص نہیں رہیں۔

صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے کوشاں ڈیموکریٹ پارٹی کے سینیٹر برنی سینڈرز نے ہفتہ کو تین مغربی امریکی ریاستوں میں ہونے والے کاؤکس میں کامیابی حاصل کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کے جائزوں کے مطابق انھیں واشنگٹن میں 73، الاسکا میں 82 اور ہوائی میں 71 فیصد ووٹ ملے ہیں۔

ان کی اس فتح سے اپنی حریف ہلری کلنٹن کے اکثریت حاصل کرنے سفر میں کچھ خلل تو آیا ہے لیکن وہ اب بھی ان سے خاصے پیچھے ہیں۔

اپنی جماعت کی طرف سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے مقابلے میں شامل ہلری کلنٹن کو اب تک 1223 مندوبین (ڈیلیگیٹس) کی حمایت حاصل ہے جب کہ سینڈر 900 سے زائد مندوبین کی حمایت حاصل کر چکے ہیں۔

ایسوسی ایٹٹد پریس سے انٹرویو میں سینڈرز کا کہنا تھا کہ انھیں توقع ہے کہ وہ یہ مندوبین کی حمایت حاصل کر کے مقابلے میں فرق کو کم کر لیں گے۔

"جنوب ملک کا ایک بہت قدامت پسند علاقہ ہے، اب ہم ملک کے ترقی پسند حصے کی طرف بڑھ رہے ہیں اور توقع ہے کہ ہم بہتری کی طرف جائیں گے۔"

ان کے بقول مشکل سہی لیکن کامیابی کا راستہ یہی ہے۔

ہلری کلنٹن جنوبی ریاستوں میں سینڈر کو واضح فرق سے شکست دے چکی ہیں لیکن ان تین مغربی ریاستوں میں ان کی سرگرمیاں کچھ خاص نہیں رہیں۔

وہ ایک ہی روز ریاست واشنگٹن میں گزارنے کے بعد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ایسٹر کی تعطیلات گزارنے چلی گئیں۔

ہلری کی توجہ 19 اپریل کو نیویارک میں ہونے والے مقابلے پر مرکوز ہے جہاں مندوبین کی اکثریت کی حمایت حاصل کر کے وہ اپنی کامیابی کو مزید مستحکم کر سکیں گی۔

XS
SM
MD
LG