رسائی کے لنکس

سینڈی طوفان: ہلاکتوں کی تعداد 90 سے زائد ہو گئی


امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں جب کہ نیویارک کے میئر مائیکل بلومبرگ کا کہنا ہے کہ شہرہ آفاق دوڑ ’’میراتھون‘‘ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق اتوار کو ہی ہو گی۔

امریکہ میں آنے والے سمندری ’’سینڈی‘‘ طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 90 سے تجاوز کر گئی اور اس میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ لیکن نیویارک کے میئر مائیکل بلومبرگ کا کہنا ہے کہ شہرہ آفاق دوڑ ’’میراتھون‘‘ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق اتوار کو ہی ہو گی۔

پولیس نے نیویارک شہر اور نیو جرسی میں طوفان کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کم ازکم 59 بتائی ہے۔

تاہم میئر بلومبرگ کا کہنا تھا کہ دوڑ کے مقابلوں کے دوران پولیس کو زیادہ کام نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ ان کے بقول اتوار کو سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوتا ہے۔

میراتھون مقابلے کو منسوخ کرنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی بھی فیصلہ پہلے سے پریشان حال کاروباری لوگوں پر مزید دباؤ بڑھ سکتا ہے کیونکہ میراتھون میں شرکت اور اسے دیکھنے کے لیے ہزاروں لوگ آتے ہیں اور شہر کو لاکھوں ڈالرز کی آمدن ہوتی ہے۔

مینہیٹن کے زیریں اور قریبی علاقوں میں تاحال بجلی کی فراہمی بحال نہیں ہوسکی ہے۔
بجلی کی مقامی کمپنی کا کہنا ہے کہ گرڈ کو پوری طرح فعال کرنے میں کئی دن لگیں گے۔

تعلیمی ادارے بند ہیں اور لاکھوں لوگ اب بھی بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔ شہر کی بلندوبالا رہائشی عمارتوں میں مقیم افراد کو زیادہ پریشانی کا سامنا اس لیے بھی کرنا پڑرہا ہے کہ ان کے ہاں بجلی سے چلنے والی لفٹس بند ہیں۔

شہر میں چند ایک گیس اسٹیشن پر گاڑیوں میں ایندھن بھروانے کے لیے گاڑیوں کی تقریباً دو کلومیٹر طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

ہلاکتوں کے علاوہ امریکہ میں آنے والے اس طوفان سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ 50 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG