رسائی کے لنکس

امریکہ: مہلک ہتھیاروں کے استعمال پر کنٹرول کے اقدامات


وہائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہاہے کہ مسٹر اوباما ہتھیاروں پر کنٹرول کی حمایت اور ہتھیاروں کی نمائش کے قوانین میں موجود خامیاں دور کرنے پر زور دیں گے۔

گذشتہ ہفتے کنیٹی کٹ کے ایک پرائمری اسکول میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد جس میں بچوں سمیت 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے، صدر براک اوباما مہلک ہتھیاررکھنے سے منسلک تشدد کے واقعات کی روک تھام سے متعلق بدھ کو اپنی مجوزہ پالیسیوں کا خاکہ پیش کررہے ہیں۔

توقع کی جارہی ہے کہ اس مہم کی نگرانی نائب صدر جو بائیڈن کے پاس ہوگی۔

منگل کے روز وہائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہاہے کہ مسٹر اوباما ہتھیاروں پر کنٹرول کی حمایت اور ہتھیاروں کی نمائش کے قوانین میں موجود خامیاں دور کرنے پر زور دیں گے۔

ان قوانین کے تحت امریکی شہریوں کو اپنے ماضی کے طرز عمل کی تصدیق کے عمل سے گذرے بغیر پرائیویٹ ڈیلرز سے ہتھیار خریدنے کی اجازت ہے۔

ایک اور خبر کے مطابق فائرنگ کے سانحے سے گذرنے والے کنیٹی کٹ کے پرائمری کے پرانسپل کی آخری رسومات بدھ کو ادا کی جارہی ہیں۔

کنیٹی کٹ کے قصبے نیوٹاؤن کے تمام اسکول منگل سے دوبارہ کھل گئے، تاہم ابھی تک سینڈی ہک پرائمری اسکول بند ہے جہاں فائرنگ میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

عہدے داروں کا کہناہے کہ اس اسکول کی کلاسیں قریبی قصبے مونرو میں منتقل کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے جس پر جنوری میں عمل کیا جاسکتا ہے۔
XS
SM
MD
LG