رسائی کے لنکس

ثانیہ مرزا کی اپریل میں شعیب ملک سے شادی


منگل کے روز حیدرآباد دکن میں ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے پریس کانفرنس میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ اپنی منگی کی تصدیق کر دی۔

یہ پوچھے جانے پر کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ کی صورت میں وہ کس ملک کی تائید کریں گی، ثانیہ نے کہا کہ شوہر کہ حیثیت سے وہ شعیب کے ساتھ ہوں گی لیکن ان کی خواہش ہو گی کہ کامیابی بھارت کے حصے میں آئے۔


بھارت اور پاکستان کے رشتے سفارتی اور سیاسی سطح پر بھلے ہی کشیدہ ہوں لیکن کھیل کے میدان کا حال اس کے برعکس ہے۔دونوں ملکوں سے تعلق رکھنے والے دو کھلاڑی محبت کی ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں جو یقیناً دونوں ملکوں کے سیاست دانوں کے لیے ایک مثال ہو گی۔

بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹ سٹار شعیب ملک کی دوستی اب شادی کے اٹوٹ بندھن میں بندھنے والی ہے۔دونوں سٹار 15 اپریل کو اسلامی طریقے سے نکاح کریں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان محبت کی ایک نئی تاریخ لکھی جائے گی۔

پاکستان کے ایک ٹی وی چینل نے پیر کے دن شعیب ملک کے حوالے سے اس کا انکشاف کیا تھا اور منگل کی شب ثانیہ مرزا نے اس پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔ پاکستانی ویزا حاصل ہونے کے بعد حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت میں ثانیہ مرزا نے بتایا کہ 15 اپریل کو حیدرآباد میں شادی ہو گی اور ولیمہ ریسپشن پاکستان میں ہو گا جس کی تاریخ کا تعین باقی ہے۔ ثانیہ جو کہ بے حد خوش دکھائی دے رہی تھیں، انہوں نے اپنی اس خوشی کا اظہار میڈیا کو مٹھائی پیش کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ میں اور شعیب ملک بہت جلد شادی کے رشتے میں بندھ جائیں گے۔ شادی کے بعد دونوں دبئی میں مستقل سکونت اختیار کر لیں گے۔ ثانیہ بھارت کے لیے ٹینس کھیلیں گی اور شعیب پاکستان کے لئے کرکٹ کھیلیں گے۔ دوبئی دونوں کے لیے دوسرا گھر ہو گا۔ ثانیہ نے بتایا کہ دونوں میں چھ سات برسوں سے دوستی ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ کی صورت میں وہ کس کی حمایت کریں گی، ثانیہ نے انتہائی چالاکی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ شوہر کی حیثیت سے وہ شعیب ملک کی حمایت کریں گی تاہم ان کی خواہش ہو گی کہ جیت بھارت کے حصے میں آئے۔ شادی کے بعد بھی وہ بھارتی شہریت کو برقرار رکھیں گی۔

ایک خاتون صحافی نے جب پہلے بچے کے بارے میں سوال کر دیا تو ثانیہ نے قہقہہ لگایا اور کہا کہ شادی ہوئی نہیں آپ بچوں تک پہنچ گئیں،2012ء اولمپکس میں بھارت کے لیے کھیلوں گی اس کے بعد ہی پہلے بچے کے بارے میں سوچا جائے گا۔

بھارت اور پاکستان کے بیچ کشیدہ تعلقات کے پس منظر میں اس شادی کے جواز کو بارے میں سوال پر ثانیہ مرزا نے کہا کہ دونوں ملکوں کی سیاست سے ہمیں کوئی مطلب نہیں ہے ہم تو اپنی شادی سے خوش ہیں، خوشی کے اس موقع پر اور ہاتھ میں مٹھائی لے کر کم از کم اس طرح کے سوالات نہ کریں۔ غالباً ثانیہ اس شعر کی طرح کہنا چاہتی تھیں:
ان کا جو کام ہے وہ اہل سیاست جانیں
میرا پیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے

واضح رہے کہ چند ماہ قبل ثانیہ کی منگنی ان کے سکولی ساتھی سہراب مرزا سے ہوئی تھی جن کا تعلق ایک بزنس گھرانے سے تھا۔ لیکن اچانک دو ماہ قبل نامعلوم وجوہات کے سبب منگنی ٹوٹ گئی تھی۔ ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا اور والدہ نسیم مرزا کا کہنا ہے کہ شادی کے بارے میں بیٹی کے فیصلے سے وہ خوش ہیں۔ واضح رہے کہ سابق میں فلم سٹار شاہد کپور اور بھارتی کر کٹر یوراج سنگھ سے دوستی کے ثانیہ میڈیا میں چھائی رہی تھیں۔والدہ کا کہنا ہے کہ رشتے آسمان پر طے ہوتے ہیں۔

دل چسپ بات تو یہ بھی ہے کہ شعیب ملک کا رشتہ اسی شہر میں ہو رہا ہے جہاں ان کی دوسری لڑکی سے منگنی ٹوٹ چکی ہے۔ 2002ء میں حیدرآبادی لڑکی عائشہ صدیقی کے گھر والوں نے کہا تھا کہ شعیب ملک کے ساتھ ان کی بیٹی کی فون پر شادی ہو چکی ہے، تاہم شعیب نے صرف منگنی ہونے کو قبول کیا تھا۔عائشہ کے والد نے لڑکی کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے شعیب ملک کے خلاف قانونی کاروائی کی دھمکی دی ہے۔ منگنی کے بعد ایک مرتبہ پاکستانی ٹیم جب حیدرآباد آئی تھی اس وقت شعیب ساری ٹیم کے ساتھ منگیتر عائشہ کے گھر گئے تھے اور حیدرآبادی کھانوں کا لطف اٹھایا تھا۔

حیدرآباد کے اخبارات نے شعیب سے دوستی کو ثانیہ اور سہراب میں منگنی ٹوٹنے کی اہم وجہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG