رسائی کے لنکس

سنجے دت کے جیل جانے میں تین دن رہ گئے


سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق سنجے دت کو پانچ جنوری 2016ء تک جیل میں رہنا ہوگا تاہم ان کے اچھے رویئے کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت ان کی سزا کی مدت کم کرسکتی ہے۔

ممبئی بم دھماکوں کے ملزمان سے تعلق اور غیر قانونی اسلحہ خریدنے کے جرم میں سزا پانے والے بالی ووڈ فنکار سنجے دت کے پاس خود کو پولیس کے حوالے کرنے کے لئے صرف تین دن کا وقت بچا ہے۔ جیسے جیسے یہ تاریخ قریب آتی جارہی ہے فلمی حلقوں اور خاص کر سنجے دت کے قریبی لوگوں میں افسردگی اور اداسی بڑھتی جارہی ہے۔

سنجے دت کہہ چکے ہیں کہ انہیں سپریم کورٹ کا فیصلہ منظور ہے۔ وہ 18اپریل بروز جمعرات خود کو پولیس کے حوالے کردیں گے۔ اس خبر سے پریشان، فلم ”منا بھائی ایم بی بی ایس “ میں سنجے کے جوڑی دار ارشد وارثی نے اپنی حالیہ کامیاب فلم ”جولی ایل ایل بی“کی پروڈکشن کمپنی سے گزارش کی ہے کہ فلم کی کامیابی کی خوشی میں ہونے والی پارٹی کو منسوخ کردیں۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق”جولی ایل ایل بی“ ارشد وارثی کے فلمی کیرئیر کی وہ پہلی فلم ہے جس کی کامیابی کا سہرا صرف انہی کے کاندھوں پر ہے۔ فلم اب تک 50 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرچکی ہے لیکن اس کے باوجود ارشد وارثی سنجے سے اظہار ہمدردی میں اپنی کامیابی کو نظر انداز کررہے ہیں۔

سنجے دت کے ساتھ تقریباً نصف درجن فلمیں کرنے والے ڈائریکٹر ڈیوڈ دھون نے بھی اپنی نئی فلم ”چشم بدور“ کی کامیابی کی خوشی میں ہونے والا فنکشن ملتوی کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ” میرا دوست جیل جائے اور میں جشن مناؤں یہ بھلا کیسے ہوسکتا ہے۔

سنجے کے ایک اور قریبی دوست اجے دیوگن نے ڈائریکٹر پرکاش جھا سے اپنی فلم ”ستیے گرہ “ کے لئے شوٹنگ شیدول منگل تک مکمل کرنے کی درخواست کی ہے جسے جھا نے مان لیا ہے۔

پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق فلم کی شوٹنگ جمعرات تک مکمل ہونا تھی لیکن اجے دیوگن اور دوسرے فنکار رات گئے تک شوٹنگ کرکے وقت بچا رہے ہیں جس کی وجہ سے شوٹنگ منگل کی صبح مکمل ہوجائے گی۔

اجے دیوگن سمیت بہت سے فنکار بدھ کو سنجے دت سے ملیں گے۔ خود سنجے دت بھی ان دنوں پروڈیوسر ٹی پی اگروال کی فلم ”پولیس گیری“ میں جلد سے جلد اپنا کام ختم کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق سنجے دت کو پانچ جنوری 2016ء تک جیل میں رہنا ہوگا تاہم ان کے اچھے رویئے کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت ان کی سزا کی مدت کم کرسکتی ہے۔
XS
SM
MD
LG