رسائی کے لنکس

بالی وڈ اداکار سنجے دت کی پروڈکشن کمپنی شروع کرنے کا اعلان


بالی وڈ اداکار سنجے دت

بالی وڈ اداکار سنجے دت

سیاست کے اکھاڑے میں چاروں شانے چِت ہونے کے بعد اب 50 سالہ بالی وڈ اداکار سنجے دت نے اپنی ہوم پروڈکشن کمپنی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے سنجے نے کہا کہ اپنی چند ادھوری فلموں کی عکس بندی کے مکمل ہونے کے بعد وہ اپنی تاریخیں اپنے ہوم پروڈکشن کو بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا ” اب تک میں سال میں تین یا چار فلمیں کرتا آیا ہوں پر اب سے میں ایک فلم باہر کے پروڈکشن کی اور ایک اپنے ہوم پروڈکشن کی فلم کروں گا”۔

سنجے اپنے پروڈکشن ہاوس کا نام سنجے دت پروڈکشنز پرائیوی ٹ لمیٹیڈ رکھیں گے اور انہوں نے اپنے بینر تلے فلم بنانے کے لیے بالی وڈ کے پانچ نامور فلمساز ڈیویڈ دھون، روہت جُگ راج، سوہم شاہ، ملن لوتھریا اور اپوروا لاکھیا کو سائن بھی کرلیا ہے۔ سنجے نے واضح کیا ہے کہ اُن کی کمپنی کمرشیئل سنیما کے ساتھ ساتھ آرٹ فلمیں بھی بنائے گی۔

خبروں کے مطابق سنجے اپنے والد اور بیتے دور کے عظیم فنکار سنیل دت کی پروڈکشن کمپنی اجنتا آرٹس کو بھی اپنی نئی کمپنی میں ملانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔


یہی نہیں سنجے دت پروڈکشنز کی پہلی فلم کا نام بیہڑ ہے جس کے ہدایت کار ملن لوتھریا ہیں۔ اِس فلم میں ہیروئین کے لیے ودیا بالن کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ریلیز ہوئی سنجے دت کی چاروں فلمیں ملٹی سٹار کاسٹ کی تھیں۔ جہاں فلم آل دی بیسٹ نے باکس آفس پر متوسط کاروبار کیا ونہی ایک دوسری بڑے بجٹ کی فلم بلیو بُری طرح پِٹ گئی۔ جب کہ الادین اور لک جیسی فلمیں بھی سنجے کی قسمت کو باکس آفس پر چمکانے میں ناکام رہیں۔

سنجے بالی وڈ کے پہلے ہیرو نہیں ہیں جس نے اپنا ذاتی پروڈکشن ہاؤس شروع کیا ہے۔ اِس سے قبل عامر خان، شاہ رخ خان، سلمان خان، اجے دیوگن، سیف علی خان جیسے کئی فلمی ستارے اداکاری کے علاوہ اپنی پروڈکشن کمپنی کے ذریعے فلمسازی کے شعبے میں کامیØ �بی حاصل کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ اِس سے قبل بھی 2002ء میں سنجے نے اپنے قریبی دوست اور ہدایت کار سنجے گپتا کے ساتھ مل کر وائٹ فیدرس فلمز نامی پروڈکشن کمپنی شروع کی تھی جس کے بینر تلے انہوں نے کانٹے، مسافر، زِندا اور شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا جیسی ہٹ فلمیں پروڈیوس کی۔ تاہم کچھ اختلافات کے سبب سنجے دت نے اُس کمپنی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ اور اب وہ اکیلے ہی اپنی پروڈکشن کمپنی کھول رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG