رسائی کے لنکس

سربجیت کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں


سربجیت سنگھ کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں اور اس میں پنجاب کے وزیراعلٰی پرکاش سنگھ بادل اور کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی بھی شریک ہوئے۔

پاکستان کی ایک اسپتال میں دم توڑنے والے بھارتی قیدی سربجیت سنگھ کی آخری رسومات جمعہ کو بھارت میں اس کے آبائی گاؤں میں ادا کر دی گئیں۔

بھارتی ریاست پنجاب کے علاقے بھیکی ونڈ میں قومی پرچم میں لپٹے تابوت کو سربجیت کے گھر سے گاؤں کے ایک اسکول میں لایا گیا جہاں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ آخری رسومات میں شرکت کے لیے جمع تھے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سربجیت سنگھ کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں اور اس میں پنجاب کے وزیراعلٰی پرکاش سنگھ بادل اور کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی بھی شریک ہوئے۔

پاکستان میں جاسوسی اور بم دھماکوں کے الزام میں موت کی سزا سنائے جانے کے بعد سے سربجیت سنگھ گزشہ 22 سال سے قید میں تھا۔ اُسے گزشتہ ہفتے لاہور کے قریب کوٹ لکھپت جیل میں دو ساتھی قیدیوں نے حملہ کر کے شدید زخمی کردیا تھا جو بعد ازاں بدھ کی شب وہ اسپتال میں انتقال کرگیا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سربجیت دوران علاج مسلسل کومہ میں رہا اور اس کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی۔

جمعرات کو ایک خصوصی طیارے کے ذریعے سربجیت کی میت کو بھارت پہنچایا گیا تھا۔
XS
SM
MD
LG