رسائی کے لنکس

سردار رضا خان چیف الیکشن کمشنر مقرر


سردار رضا خان
سردار رضا خان

پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ فخر الدین جی ابراہیم کے مستعفی ہونے کے بعد سے لگ بھگ ڈیڑھ سال سے خالی تھا۔

انتخابات کے انتظامی اور نگران ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سربراہ کے لیے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس سردار رضا خان کو مقرر کیا گیا ہے۔

حکومت اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے بدھ کو چیف الیکشن کمشنر کے لیے تین ناموں پر اتفاق کیا تھا جن میں سردار محمد رضا، طارق پرویز اور تنویر احمد خان شامل تھے۔

جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کی پارلیمانی کمیٹی نے ان ناموں میں سے سردار رضا خان کو متفقہ طور پر اس عہدے کے لیے نامزد کیا۔

پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ رفیق رجوانہ نے کمیٹی کے فیصلے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ اس نامزدگی سے ملک میں ایک عرصے سے اس بارے میں جاری بحث ختم ہو گئی ہے۔

’’متفقہ طور پر تمام فاضل ممبران نے رائے دی کہ بہترین انتخاب سردار رضا خان ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں آئین کے مطابق آرٹیکل 218 کے مطابق الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ملک میں آزادانہ اور شفاف الیکشن کروائے تاکہ کوئی بھی اس پر انگلی نہ اٹھا سکے۔ ہم یہ توقع کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ نئے چیف الیکشن کمشنر اس میں کامیاب ہوں۔‘‘

بعد ازاں صدر ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی سفارش پر سردار رضا خان کی نامزدگی کی توثیق کردی اور اس تقرری کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ جولائی 2013ء میں فخر الدین جی ابراہیم کے مستعفی ہونے کے بعد سے خالی تھا جس پر عبوری طور پر سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج فرائض انجام دیتے آ رہے تھے۔

عدالت عظمیٰ نے حکومت اور قائد حزب اختلاف کو ہدایت کی تھی کہ وہ پانچ دسمبر تک چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے آئین کے مطابق نامزدگی کا اعلان کر دیں بصورت دیگر اُن کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔

69 سالہ سردار رضا خان کا تعلق خیبر پختونخواہ کے علاقے ایبٹ آباد سے ہے اور وہ فی الوقت وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

وہ 2000ء میں پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے جب کہ 2002ء میں انھیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔

ان کا شمار سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے ہمراہ ان دیگر جج صاحبان میں ہوتا ہے جنہوں نے نومبر 2007ء میں سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی طرف سے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد عبوری آئینی حکم نامے کے تحت حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔

سردار رضا خان سپریم کورٹ کے جج کے حیثیت سے 2010ء میں سبکدوش ہوئے۔

XS
SM
MD
LG