رسائی کے لنکس

صدر سرکوزی کا نیوز ویب سائٹ کے خلاف دعوے کا اعلان


فرانس کے صدر نکولس سرکوزی نے اس نیوز ویب سائٹ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیاہے جس نے دعویٰ کیا تھا کہ لیبیا کے سابق آمر معمر قذافی نے صدر سرکوزی کو ان کی پہلی انتخابی مہم کے اخراجات پورے کرنے کے لیے 50 ملین ڈالر دینے کی پیش کش کی تھی۔

فرانسیسی نیوز ویب سائٹ 'میڈیا پارٹ' نے ہفتے کو دعویٰ کیا تھا کہ اس نے 2006ء میں کی جانے والی اس پیش کش پر مشتمل لیبیا کی ایک سرکاری دستاویز حاصل کی ہے جس پر لیبیا کی اس وقت کے انٹیلی جنس کے سربراہ موسیٰ کوسیٰ کے دستخط موجود ہیں۔

پیر کو صدر سرکوزی نے فرانسیسی ٹی وی 'چینل ٹو' سے گفتگو کرتے ہوئے خبر کو خلافِ حقیقت قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنی جاری انتخابی مہم کے اختتام سے قبل ہی ویب سائٹ کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کریں گے۔

یاد رہے کہ صدر سرکوزی مغربی ممالک کی جانب سے لیبیا میں کی جانے والی اس فوجی مداخلت کے روحِ رواں تھے جس کے نتیجے میں 2011ء میں مقامی جنگجووں نے قذافی کے عشروں طویل اقتدار کا خاتمہ کردیا تھا۔

صدر سرکوزی کے خلاف حالیہ الزام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ دوسری مدتِ صدارت کے لیے انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔

انتخابات کا دوسرا اور حتمی مرحلہ اتوار کو ہورہا ہے جس میں صدر سرکوزی کا مقابلہ ان کے سوشلسٹ حریف فرانسس ہولینڈ سے ہے جنہوں نے 22 اپریل کو ہونے والے پہلے مرحلے میں 28 فی صد ووٹ حاصل کیے تھے۔

اس پہلے مرحلے میں صدر سرکوزی 27 فی صد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ تازہ ترین عوامی جائزوں کے مطابق دوسرے مرحلے سے قبل بھی ہولینڈ کی صدر سرکوزی پر سبقت برقرار ہے۔

XS
SM
MD
LG