رسائی کے لنکس

غیر قانونی گرفتاریاں نہیں کیں: سعودی حکومت


غیر قانونی گرفتاریاں نہیں کیں: سعودی حکومت
غیر قانونی گرفتاریاں نہیں کیں: سعودی حکومت

سعودی عرب نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں ملک میں اُٹھنے والی احتجاجی لہر کودبانے اورغیرقانونی گرفتاریاں اور دورانِ قید تشددکے الزامات کو غلط معلومات پر مبنی بتایا ہے۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے جمعرات کے روز جاری کی گئی 73صفحات پر مشتمل رپورٹ میں سعودی حکومت پر عرب ممالک میں اُٹھنے والی احتجاجی لہر کو اپنے ملک میں سختی سے دبانے کے الزامات عائد کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مارچ سے اب تک سینکڑوں افراد کو غیر قانونی طور پر گرفتار کرنے کے علاوہ اُنھیں حبسِ بیجا میں رکھنے اور بغیر کسی مقدمے یا عدالت میں پیش کیے حراست میں رکھا گیا ہے۔

ایمسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں گذشتہ ہفتے 16افراد کو پانچ اور 30سال کے درمیان قید کی سزاؤں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

لندن میں سعودی سفارت کا رشہزاہ محمد بن نائف السعودی نے جمعرات کے روز جاری کیے گئےایک بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں سعودی حکومت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کو سختی سے رد کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی صوبے میں صرف فسادات میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، جِن کی اکثریت کو پوچھ گچھ اور تفتیش کے بعد رہا کیا جا چکا ہے۔

شہزادہ محمد بن نائف کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت اسلامی شرعی قوانین کےمطابق ہمیشہ انسانی حقوق کا احترام کرتی آئی ہے۔

سعودی سفیر نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی معلومات کو غلط بتاتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں انسدادِ دہشت گردی کے جس قانون پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے وہ تاحال ایک مسودہ ہے اور اُسے اُس وقت تک منظور نہیں کیا جائے گا جب تک کہ اِس قانون کو شریعت کے مطابق نہیں بنایا جائے گا۔

ادھر، ایمنسٹی انٹرنیشنل لندن دفتر میں سعودی امور کی ریسرچر دینا المعمون نے ’وائس آف امریکہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی تنظیم باقاعدہ تصدیق اور جانچ پڑتال کے بعد معلومات کو رپورٹ کا حصہ بناتی ہے۔دینا المعمون کے الفاظ میں،’ سعودی عرب کے بارے میں معلومات تک رسائی مشکل کام ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کو بھی وہاں معلومات اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں۔ ہم نے کئی بار سعودی حکومت سے درخواست کی ہے، لیکن اس کا کوئی جواب ہمیں نہیں ملا‘۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ، ’یقیناً، ہمارے لیے وہاں سے معلومات اکٹھی کرنا مشکل ہے۔ لیکن ناممکن نہیں۔ ہم اپنے ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کے بعد رپورٹ میں شامل کرنے سے پہلے اپنے طور پر اُس کی تصدیق اور چھان بین کرواتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG