رسائی کے لنکس

سعودی عرب سے لاکھوں غیر ملکیوں کا انخلا


سعودی عرب
سعودی عرب

سعودی عرب نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لئے عام معافی کا اعلان کیا ہے، جِس کے تحت پاکستانی شہریوں سمیت لاکھوں غیر ملکیوں کو تین جولائی تک ملک چھوڑ دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں

پچھلے تقریباً دو ماہ سے، سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی عرب نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لئے عام معافی کا اعلان کیا ہے، جِس کے تحت پاکستانی شہریوں سمیت لاکھوں غیر ملکیوں کو تین جولائی تک ملک چھوڑ دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، بصورت دیگر ایک لاکھ روپے جرمانے اور دو سال تک قید بامشقت ہوسکتی ہے۔

سعودی اخبار ’عکاظ‘ نے محکمہ پاسپورٹس کے ترجمان بدر مالک کے حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دو ماہ کے دوران ایک لاکھ 80ہزار سے زائد غیر ملکی سعودی عرب سے چلے گئے ہیں۔ تاہم، معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مملکت میں اب بھی 20لاکھ مزدور غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔

سعودی حکومت نے یکم اپریل کو عام معافی کا اعلان کیا تھا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں 80لاکھ غیر ملکی تارکین کام کرتے ہیں، جبکہ 20لاکھ غیرقانونی کارکن اس کے علاوہ ہیں۔

سعودی عرب نے غیرملکی کارکنوں کی تعداد میں کمی کا اقدام بیروزگار شہریوں کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے کیا ہے، کیونکہ سعودی عرب میں بیروزگاری کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

سعودی عرب میں متعین پاکستان کے سفیر محمد نعیم خان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن جنہیں کفیل کی تلاش ہے، وہ 3 جولائی 2013 ءسے پہلے سفارتخانے اور قونصل خانے سے رابطہ کریں، تاکہ انکی بھرپور معاونت کی جاسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ فی الحال مذکورہ تاریخ میں توسیع کی امید نہیں۔


56000بھارتی شہریوں کی بھی ملک بدری

سعودی عرب میں پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ بھارتی شہریوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ تاہم، ان میں سے 50 ہزار سے زائد بھارتی شہریوں کی ملک بدری کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، سعودی حکومت نے غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری منصوبے کے تحت 56 ہزار700 بھارتی شہریوں کو ملک سے نکالنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
XS
SM
MD
LG