رسائی کے لنکس

سعودی شاہ عبداللہ بیمار، مکمل آرام کا مشورہ


سعودی عرب کے حکمران شاہ عبداللہ کو ریڑھ کی ہڈی میں ہونے والی تکلیف کے باعث معالجین نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق شاہ عبداللہ ریڑھ کی ہڈی کا ایک مہرہ سرکنے کے باعث آج کل صاحبِ فراش ہیں۔ واضح رہے کہ اسی برس سے زائد عمر کے حامل شاہ نے رواں سال جون سے اپنی سرگرمیاں محدود کر رکھی تھیں تاہم شاہی حکام کی جانب سے اس کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی تھی۔

معالجین کے مطابق ریڑھ کی ہڈی کا مہرہ کھسکنے سے مریض شدید تکلیف محسوس کرتا ہے تاہم یہ مرض جان لیوا نہیں ۔ مرض کا علاج عام طور پر آرام، متاثرہ حصے کے مساج اور ادویات کے استعمال سے کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ ولی عہدِ سلطنت سلطان بن عبدالعزیز گزشتہ تین ماہ سے مملکت سے باہر ہیں اور اگست میں ان کی روانگی کے وقت شاہی ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ مراکش میں اپنی چھٹیاں گزار نے جارہے ہیں۔ ولی عہد کی عدم موجودگی کے باعث شاہ عبداللہ کے سوتیلے بھائی شہزادہ نائف بن عبدالعزیز ،جو مملکت کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ داخلہ بھی ہیں، حج کے انتظامات کی نگرانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

دنیا بھر سے بیس لاکھ سے زائد مسلمان اس سال حج کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچے ہیں۔مناسکِ حج کا آغاز اتوار سے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG